مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت، ترقیاتی منصوبے اور پاکستان کا استحکام ہے،ملک محمد احمد خاں

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں اور وفاقی وزیرمملکت ملک رشید احمد خاں نے مانگا منڈی میں رانا شکیل کے ڈیرے پر منعقدہ سیاسی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جہاں پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما ءرانا شکیل اور رانا محمد اسلم نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی۔

لاہور۔13جولائی (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں اور وفاقی وزیرمملکت ملک رشید احمد خاں نے مانگا منڈی میں رانا شکیل کے ڈیرے پر منعقدہ سیاسی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جہاں پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما ءرانا شکیل اور رانا محمد اسلم نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ملک افضل کھوکھر، رکن پنجاب اسمبلی ملک انس کھوکھر، پارٹی رہنمائوں، کارکنوں اور علاقے کی معزز شخصیات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی نے رانا شکیل اور رانا محمد اسلم کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے جماعت مزید مستحکم ہوگی اور عوامی خدمت کے سفر کو نئی تقویت ملے گی۔ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور عوام کی خدمت، ترقیاتی منصوبے اور پاکستان کا استحکام ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں قومی سلامتی، دہشت گردی کے خاتمے اور ملکی استحکام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ مادرِ وطن کے دفاع، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ملکی سلامتی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، جنہیں پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ سپیکر نے کہا کہ قومی اداروں کے احترام، اتحاد اور یکجہتی ہی سے پاکستان کو درپیش چیلنجز کا موثر مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ عوام کو بہتر طرزِ زندگی، معیاری بنیادی سہولیات اور ترقیاتی منصوبوں کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے، اور موجودہ حکومت وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی قیادت میں عوامی فلاح و بہبود، انفراسٹرکچر کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ سپیکر کا کہنا تھا کہ عوام کو صاف ستھرا ماحول، بہتر سڑکیں اور بنیادی سہولیات فراہم کرنا کسی پر احسان نہیں بلکہ ان کا آئینی حق ہے۔

انہوں نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی خارجہ پالیسی اور عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو موثر انداز میں اجاگر کرنے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی مفادات، ملکی خودمختاری اور پاکستان کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے قومی یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خان نے رانا شکیل اور ان کے ساتھیوں کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کو علاقے کی سیاست میں اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عوام کے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے۔

انہوں نے اس کامیاب سیاسی کاوش پر رکن قومی اسمبلی ملک افضل کھوکھر کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ نئے شامل ہونے والے رہنما عوامی خدمت میں موثر کردار ادا کریں گے۔ تقریب کے اختتام پرسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے ایک بار پھر رانا شکیل، رانا محمد اسلم، ملک افضل کھوکھر اور ملک انس کھوکھر کو مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ نئے شامل ہونے والے ساتھی مسلم لیگ (ن) کو مزید مستحکم بنانے اور عوامی خدمت کے مشن کو آگے بڑھانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔