ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے بیجنگ میں چائنا ایسوسی ایشن آف ہائر ایجوکیشن (سی اے ایچ ای) کے حکام سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ تعلیم، تحقیق، اختراع اور علمی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کی بیجنگ میں چائنا ایسوسی ایشن آف ہائر ایجوکیشن کے حکام سے ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے بیجنگ میں چائنا ایسوسی ایشن آف ہائر ایجوکیشن (سی اے ایچ ای) کے حکام سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ تعلیم، تحقیق، اختراع اور علمی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر چین-پاکستان نالج کوریڈور کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے اس موقع پر پاکستان-چین ہائر ایجوکیشن پارٹنرشپ 2035 کا مجوزہ خاکہ پیش کیا جس میں زبان و ثقافت کے فروغ، افرادی صلاحیت کی ترقی، تحقیق و اختراع، جامعات کی ڈیجیٹل تبدیلی اور چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے نالج کوریڈور کو مزید مستحکم بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ملاقات کے دوران مصنوعی ذہانت، موسمیاتی تبدیلی، قابلِ تجدید توانائی، آبی تحفظ، زراعت، صحت عامہ اور ڈیجیٹل تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔
دونوں فریقین نے اساتذہ اور طلبہ کے تبادلوں، مشترکہ ڈگری پروگراموں اور جامعات کی قیادت کی استعداد کار بڑھانے کے لئے اکیڈمیوں کے قیام کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔چائنا ایسوسی ایشن آف ہائر ایجوکیشن نے موضوعاتی تحقیقی کلسٹرز، چین-پاکستان ریسرچ اینڈ انوویشن نیٹ ورک، مصنوعی ذہانت پر مبنی سمر سکولز اور مشترکہ ڈیجیٹل تعلیمی پلیٹ فارمز کے قیام کی تجاویز بھی پیش کیں۔ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے شعبوں میں اشتراک کو مزید وسعت دے کر باہمی ترقی، اختراع اور پائیدار علمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔








