یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا شہداء کو خراج عقیدت

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر 1931ء کے شہداء سمیت تحریک آزادی کشمیر کے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔اپنے خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ شہدائے کشمیر کی لازوال قربانیاں تحریکِ آزادی کی مضبوط بنیاد اور کشمیری عوام کے غیر متزلزل حوصلے کی روشن علامت ہیں۔

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر 1931ء کے شہداء سمیت تحریک آزادی کشمیر کے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔اپنے خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ شہدائے کشمیر کی لازوال قربانیاں تحریکِ آزادی کی مضبوط بنیاد اور کشمیری عوام کے غیر متزلزل حوصلے کی روشن علامت ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر کے شہداء نے حقِ خودارادیت اور آزادی کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں جن کی یہ تاریخی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

محمد حنیف عباسی نے پاکستان کے دیرینہ موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے جائز حق خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔ وفاقی وزیر نے عالمی برادری کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین اور بدترین خلاف ورزیوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہدائے کشمیر کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا اور مظلوم کشمیریوں کی آزادی کی یہ جدوجہد اپنے منطقی انجام تک ضرور پہنچ کر رہے گی، یوم شہدائے کشمیر ہمیں دراصل قربانی، استقامت اور حق سچ کے لیے ثابت قدم رہنے کا ابدی درس دیتا ہے۔