چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے پیر کے روز بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد سے ملاقات کی۔ بی آئی ایس پی سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں انٹیگریٹڈ سوشل پروٹیکشن ڈویلپمنٹ پروگرام ، اس کی اضافی مالی معاونت اور بی آئی ایس پی کے صحت و تعلیم سے متعلق مشروط نقد مالی معاونت کے تحت جاری منصوبوں پر ہونے والی …
چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کی ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد سے ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے پیر کے روز بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد سے ملاقات کی۔ بی آئی ایس پی سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں انٹیگریٹڈ سوشل پروٹیکشن ڈویلپمنٹ پروگرام ، اس کی اضافی مالی معاونت اور بی آئی ایس پی کے صحت و تعلیم سے متعلق مشروط نقد مالی معاونت کے تحت جاری منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی کے ساتھ ایشیائی ترقیاتی بینک کی دیرینہ شراکت داری اور مسلسل تعاون کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ بی آئی ایس پی شفاف، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی اور جامع سماجی تحفظ کی خدمات کی فراہمی کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے ڈیٹا سکیورٹی، بینظیر ہنرمند پروگرام اور بی آئی ایس پی کے مشروط نقد مالی معاونت کے اقدامات کے تحت آگاہی کی سرگرمیوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں پروگرام کے ڈیزائن اینڈ مانیٹرنگ فریم ورک، ڈِسبرسمنٹ لنکڈ اِنڈیکیٹرز ، پروگرام ایکشن پلان ، تکنیکی معاونت، رپورٹنگ کے تقاضوں، نوعمر بچیوں کی غذائیت سے متعلق اقدامات اور آئندہ عملدرآمد کے انتظامات پر ہونے والی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اے ڈی بی کے وفد نے پروگرام پر مؤثر عملدرآمد میں بی آئی ایس پی کی پیشرفت کو سراہا اور پاکستان کے سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لئے اپنے تکنیکی اور مالی تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اے ڈی بی کے وفد میں منصور علی مسعود (شریک سربراہ مشن و سینئر پراجیکٹ آفیسر)، ہڈو ہُوٹزنگ (سینئر سوشل سیکٹر سپیشلسٹ، صحت و سماجی تحفظ)، ژن لانگ (شریک سربراہ مشن و پرنسپل سوشل سیکٹر اسپیشلسٹ)، ڈاکٹر مختار احمد (ٹی اے ٹیم لیڈر / نیشنل سوشل پروٹیکشن اسپیشلسٹ) اور نعمان علی (پروگرام امپلیمنٹیشن اسپیشلسٹ) جبکہ بی آئی ایس پی کے ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر عصمت نواز اور بی آئی ایس پی کے تمام ڈائریکٹر جنرلز نے شرکت کی ۔








