وزیراعظم محمد شہباز شریف قطر کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے

وزیراعظم محمد شہباز شریف قطر کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم پیر کو ایک روزہ دورے پر قطر گئے اور ریاست قطر کے امیر کے والد شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ریاست قطر کی قیادت اور عوام سے بالمشافہ تعزیت اور …

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف قطر کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم پیر کو ایک روزہ دورے پر قطر گئے اور ریاست قطر کے امیر کے والد شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ریاست قطر کی قیادت اور عوام سے بالمشافہ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

سابق وزیراعظم محمد نواز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نے پاکستان کے لیے مرحوم کی گرمجوشی، شفقت اور دیرینہ محبت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے پاکستان کے متعدد یادگار دوروں کو بھی قدر و منزلت سے یاد کیا۔ وزیراعظم نے گہرے صدمے کی اس گھڑی میں قطر کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔

انہوں نے قطر کے شاہی خاندان اور قطر کے برادر عوام کیلئے بھی دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں یہ ناقابل تلافی صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ امیرِ قطر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور پاکستانی وفد کا ذاتی طور پر دوحہ آ کر تعزیت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور اس جذبے کو دونوں برادر ممالک اور عوام کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا مظہر قرار دیا۔

 

مزید خبریں