بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی نیو سبزل روڈ کوئٹہ میں مضرصحت سبزیوں کی مزید 33 ایکڑ پر کاشت فصلیں تلف کردیں
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی نیو سبزل روڈ کوئٹہ میں مضرصحت سبزیوں کی مزید 33 ایکڑ پر کاشت فصلیں تلف کردیں

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 13 جولائی (اے پی پی):بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے عوام کو محفوظ اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کے عزم کے تحت نالوں اور سیوریج کے آلودہ پانی سے سیراب کی جانے والی سبزیوں کے خلاف جاری کریک ڈائون کے دوران نیو سبزل روڈ کوئٹہ کے مختلف مضافات میں وسیع رقبے پر تیار اور زیرِ کاشت مضر صحت سبزیوں کی فصلیں تلف کر دیں۔کارروائی کے دوران مختلف اقسام کی گوبھی، چقندر اور سلاد کی فصلوں کو موقع پر ہی تلف کیا گیا۔ معائنہ کرنے والی ٹیموں نے واضح کیا کہ مذکورہ فصلیں آلودہ اور غیر محفوظ پانی سے کاشت کی جا رہی تھیں جو انسانی صحت کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتی ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی حبیب اللہ خان کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ نالوں کے پانی سے اگائی جانے والی سبزیاں مختلف جراثیم، نقصان دہ کیمیکلز اور آلودہ اجزا اپنے اندر جذب کر لیتی ہیں جن کے استعمال سے شہری مختلف موذی امراض میں مبتلا ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی صحت کا تحفظ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔دریں اثنا بلوچستان فوڈ اتھارٹی حکام نے کاشتکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ سبزیوں کی کاشت کے لیے صرف صاف اور محفوظ پانی استعمال کریں تاکہ عوام تک معیاری اور محفوظ زرعی پیداوار پہنچ سکے۔
واضح رہے کہ صوبائی وزیر و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد دمڑ کی خصوصی ہدایات پر کوئٹہ میں مضر صحت سبزیوں کے خلاف خصوصی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے جس کے دوران اب تک تقریباً 210 ایکڑ سے زائد رقبے پر کاشت کی گئی غیر صحت بخش سبزیوں کی فصلیں تلف کی جا چکی ہیں۔ بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید موثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔








