او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی، پاکستان مسلم خواتین کی سماجی، معاشی اور سیاسی ترقی کیلئے فعال کردار ادا کرے گا، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ
او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی، پاکستان مسلم خواتین کی سماجی، معاشی اور سیاسی ترقی کیلئے فعال کردار ادا کرے گا، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ

مزید خبریں
اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں او آئی سی کی خواتین کے امور پر نویں وزارتی کانفرنس کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی ہےجس کے بعد تنظیم کی سربراہی پاکستان کو منتقل ہو گئی ہے۔ پاکستان کے لیے اعزاز کے ساتھ یہ ایک اہم ذمہ داری بھی ہے ، پاکستان تمام رکن ریاستوں کے تعاون سے مسلم خواتین کی سماجی، معاشی اور سیاسی ترقی کے لیے فعال کردار ادا کرے گا۔وہ پیر کو او آئی سی کی خواتین کے امور پر نویں وزارتی کانفرنس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
وزیر مملکت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری انسانی حقوق صبا صادق ، سیکرٹری وزارت انسانی حقوق عبدالخالق شیخ، اسسٹنٹ سیکرٹری او آئی سی اور دیگر ان کے ہمراہ تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ او آئی سی کے تمام رکن ممالک، سیکرٹری جنرل اور شریک وفود نے کانفرنس کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ دو روزہ اجلاس کے دوران ہونے والی مشاورت اور سفارشات کو رکن ممالک نے متفقہ طور پر منظور کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلم دنیا کی خواتین کو معاشی، سیاسی اور سماجی میدانوں میں بااختیار بنایا جائے گا تاکہ وہ مردوں کے شانہ بشانہ اپنے ممالک اور خطوں کی ترقی میں موثر کردار ادا کر سکیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کانفرنس میں جدید ٹیکنالوجی، اختراع اور ڈیجیٹل مواقع سے خواتین کو مستفید کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ رکن ممالک اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اپنے وسائل بروئے کار لائیں گے کہ خواتین جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی، اپنے خاندان اور اپنے ملک کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔وفاقی وزیر نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سرپرستی اور رہنمائی پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی عوام اس کامیاب بین الاقوامی ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد کی مستحق ہے۔
انہوں نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر وزارت انسانی حقوق، وزارت خارجہ، وزارت قانون، وزارت اطلاعات و نشریات، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے تمام اداروں نے مشترکہ کوششوں سے اس بین الاقوامی اجلاس کی تیاری کی۔ انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، سیکرٹری خارجہ، اپنی ٹیم اور دیگر حکام کی خدمات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان او آئی سی کے رکن ممالک کے تعاون سے مسلم خواتین کے حقوق کے تحفظ، ان کی ترقی اور بہتر مستقبل کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرے گا۔








