ریسکیو 1122 کی جانب سے ’’ہسپتال سے گھر میت منتقلی سروس‘‘ کاافتتاح

کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی نے ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کے ہمراہ ریسکیو 1122 ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں انہیں ایمرجنسی رسپانس نظام، جدید آلات، ریسکیو سروسز اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

سرگودھا ۔ 13 جولائی (اے پی پی):کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی نے ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری کے ہمراہ ریسکیو 1122 ہیڈ آفس یونیورسٹی روڈ کا دورہ کیا، جہاں انہیں ریسکیو سروسز، ایمرجنسی رسپانس نظام، جدید آلات اور عوامی فلاح کے مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

دورہ کے موقع پر کمشنر نے ریسکیو 1122 کی جانب سے شروع کی گئی ’’ہسپتال سے گھر میت منتقلی سروس‘‘ کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے افتتاحی فیتہ کاٹا اور سروس کے لیے مختص خصوصی گاڑی کا معائنہ کیا۔کمشنر حافظ شوکت علی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو باوقار، بروقت اور معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ہسپتال سے گھر میت منتقلی کی یہ سروس غمزدہ خاندانوں کے لیے ایک اہم عوامی خدمت ثابت ہوگی اور انہیں مشکل وقت میں سہولت فراہم کرے گی۔انہوں نے ریسکیو 1122 کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ ہنگامی حالات میں انسانی جانوں کے تحفظ کے ساتھ عوامی خدمت کے نئے منصوبے بھی متعارف کرا رہا ہے، جو قابلِ تحسین ہیں۔کمشنر نے ریسکیو اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، نظم و ضبط اور جذبہ خدمت کی تعریف کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عوام کو بروقت، شفاف اور بہترین ایمرجنسی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔دورہ کے دوران ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، جنہوں نے کمشنر کو ادارے کی کارکردگی، ریسکیو آپریشنز، ایمبولینس سروس، فائر اینڈ ریسکیو، کمیونٹی سیفٹی پروگرامز اور دیگر فلاحی اقدامات سے آگاہ کیا۔