پاک ایم ایم اے کنٹینڈر سیریز: جڑواں بہنوں کے میدان مارنے کے بعد راشد گجر اور اورنگزیب کی شاندار فتوحات

لاہور۔13جولائی (اے پی پی):پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام لاہور کے ’فائٹ ایچ کیو‘ میں پہلی ’پاک ایم ایم اے ایکٹیوٹ کنٹینڈر سیریز‘ کا کامیاب انعقاد کیا گیا جس میں ملک کے بہترین مارشل آرٹس ایتھلیٹس کے درمیان 12 سنسنی خیز مقابلے دیکھنے میں آئے۔ اس سیریز کا بنیادی مقصد ملکی مقابلوں اور بین الاقوامی معیار کے درمیان موجود فرق کو ختم کرنا اور ’آئی ایم ایم اے …

لاہور۔13جولائی (اے پی پی):پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام لاہور کے ’فائٹ ایچ کیو‘ میں پہلی ’پاک ایم ایم اے ایکٹیوٹ کنٹینڈر سیریز‘ کا کامیاب انعقاد کیا گیا جس میں ملک کے بہترین مارشل آرٹس ایتھلیٹس کے درمیان 12 سنسنی خیز مقابلے دیکھنے میں آئے۔

اس سیریز کا بنیادی مقصد ملکی مقابلوں اور بین الاقوامی معیار کے درمیان موجود فرق کو ختم کرنا اور ’آئی ایم ایم اے ایف ورلڈ چیمپئن شپ‘ کے لیے پاکستانی ٹیلنٹ کو تیار کرنا ہے۔ ایونٹ کی خاص بات ہنزہ سے تعلق رکھنے والی جڑواں بہنوں منیحہ علی اور ملیحہ علی، ابھرتے ہوئے نوجوان سٹار اورنگزیب احمد اور سابق نیشنل ریسلنگ چیمپئن راشد گجر کی تاریخی فتوحات تھیں۔قومی چیمپئن منیحہ علی نے کراچی کی امامہ کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر ’فائٹ آف دی نائٹ‘ کا اعزاز حاصل کیا جبکہ ان کی جڑواں بہن ملیحہ علی نے ووشو اور کک باکسنگ میں اپنی مہارت کا لوہا منواتے ہوئے اپنے سے 5 کلو گرام وزنی حریف کو چت کیا۔ دوسری جانب سابق ریسلنگ چیمپئن راشد گجر نے قربان خان کو شکست دے کر نیشنل چیمپئن شپ کے فائنل میں ملنے والی ہار کا حساب برابر کیا اور نوجوان سنزیشن اورنگزیب احمد نے اپنے حریف کو شاندار ناک آئوٹ کر کے اگست میں ابوظہبی میں ہونے والی یوتھ ورلڈ چیمپئن شپ کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ یہ تمام ایتھلیٹس اب نومبر میں جارجیا میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ کے لیے اپنی تیاریاں تیز کریں گے۔ایونٹ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے نوجوانوں میں ایم ایم اے کے فروغ کے لیے فیڈریشن کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں نوجوانوں کو منشیات، جرائم اور سوشل میڈیا کے بے جا استعمال جیسی منفی روایات سے دور رکھ کر نظم و ضبط اور مضبوط کردار کا حامل بناتی ہیں۔صدر پی اے کے ایم ایم اے ایف عمر احمد نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد صرف میڈلز جیتنا نہیں بلکہ سکولوں سے لے کر عالمی سطح کے پروفیشنل پلیٹ فارمز جیسے BRAVE CF اور UAE Warriors تک ایک مکمل اور پائیدار سپورٹس ایکو سسٹم بنانا ہے۔ انہوں نے پاکستانی ٹیلنٹ پر بھروسہ کرنے اور مالی تعاون فراہم کرنے پر ’ایکٹیوٹ‘ اور رضوان آفتاب احمد کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا جن کے تعاون سے یہ ایونٹ بہترین طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچا۔