پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ویمنز انڈر 19 ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ کراچی میں کھیلا جائے گا

پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ویمنز انڈر 19 ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 14 جولائی سے کراچی میں ہوگا۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق سیریز کا پہلا میچ نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، سیریز کے تمام میچز شام 7 بجے شروع ہوں گے اور ٹاس شام 6:30 بجے ہوگا

لاہور۔13جولائی (اے پی پی):پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ویمنز انڈر 19 ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 14 جولائی سے کراچی میں ہوگا۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق سیریز کا پہلا میچ نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، سیریز کے تمام میچز شام 7 بجے شروع ہوں گے اور ٹاس شام 6:30 بجے ہوگا۔پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم کی قیادت فضا فیاض کریں گی، جبکہ جنوبی افریقہ کی کپتان میکے وین وورسٹ ہوں گی۔ پاکستانی ٹیم اس سے قبل بنگلہ دیش کے خلاف پانچ ٹی20 میچوں کی سیریز 3-2 سے جیت چکی ہے۔

قومی کپتان فضا فیاض نے کہا ہے کہ ہوم گراونڈ پر کھیلنے کے لیے پوری ٹیم پرجوش ہے اور بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرے گی۔ ا نہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ ایک مضبوط حریف ہے، اس لیے کامیابی کے لیے نظم و ضبط اور مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔پاکستان کے 17 رکنی اسکواڈ میں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کھیلنے والی12 کھلاڑی شامل ہیں۔ شائقین کے لیے ظہیر عباس اور ماجد خان انکلوژرز میں داخلہ مفت رکھا گیا ہے۔سیریز کے تمام میچز پی ٹی وی سپورٹس اور جیو سپر پر براہِ راست نشر کیے جائیں گے، جبکہ ٹیپ میڈ، تماشا اور مائیکو پر بھی لائیو اسٹریمنگ دستیاب ہوگی۔

بین الاقوامی ناظرین پی سی بی کے یوٹیوب چینل کے ذریعے بھی تمام میچز براہِ راست دیکھ سکیں گے۔سیریز میں کامران چوہدری میچ ریفری کی ذمہ داریاں انجام دیں گے، جبکہ عبدالمقیت، ذوالفقار جان، نازیہ نذیر، صباحت رشید اور ثانیہ اشرف امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیں گے۔ پانچ میچوں کی سیریز کے باقی مقابلے 17، 19، 22 اور 24 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔