کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی کی زیر صدارت کمشنر آفس راولپنڈی میں رنگ روڈ بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ اور سگنل فری کوریڈور منصوبوں کا تعارفی و جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن زینیا ہمایوں، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سید نذارت علی شاہ، ایڈیشنل کمشنر ریونیو و دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی
کمشنر راولپنڈی ڈویژن کی زیر صدارت رنگ روڈ بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ اور سگنل فری کوریڈور منصوبوں کا جائزہ اجلاس

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 13 جولائی (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی کی زیر صدارت کمشنر آفس راولپنڈی میں رنگ روڈ بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ اور سگنل فری کوریڈور منصوبوں کا تعارفی و جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن زینیا ہمایوں، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سید نذارت علی شاہ، ایڈیشنل کمشنر ریونیو و دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں رنگ روڈ بیوٹیفیکیشن پراجیکٹ پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ راولپنڈی رنگ روڈ 38.3 کلومیٹر طویل جدید شاہراہ پر مشتمل ہے اور منصوبے کے تحت مرکزی سڑک، فلائی اوورز، سب ویز اور دیگر تعمیراتی کام تقریباً مکمل کیے جا چکے ہیں،منصوبے پر مجموعی طور پر 98 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت تمام سب ویز، نالہ برجز، انٹرچینج برجز، ریور برجز اور ریلوے برجز سو فیصد مکمل کیے جا چکے ہیں۔اسکے علاوہ کرب سٹون، روڈ بیریئرز، روڈ مارکنگ، سائن بورڈز، برتھ اور سٹریٹ لائٹس کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے جبکہ صرف ٹول پلازہ کی تنصیب کا کام باقی ہے۔
منصوبہ پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی کے تحت مکمل کیا جا رہا ہے۔ رنگ روڈ کے مؤثر آپریشن کے لیے علیحدہ پولیسنگ اور مینجمنٹ سسٹم بھی قائم کیا جائے گا تاکہ ٹریفک کی روانی، سکیورٹی اور انتظامی امور کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔کمشنر سلمان غنی نے ہدایت کی کہ رنگ روڈ کے اطراف تین قطاروں پر مشتمل شجرکاری، اعلیٰ معیار کی گھاس اور ماحول دوست پودوں کی تنصیب کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کی تکمیل سے شہر کے اندر ٹریفک کا دباؤ نمایاں طور پر کم ہوگا، جس سے جی ٹی روڈ، پشاور روڈ، مری روڈ اور شہر کی مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی مزید بہتر ہوگی۔ ہیوی ٹریفک کو رنگ روڈ پر منتقل کرنے سے شہری علاقوں میں رش، سفر کا دورانیہ، ایندھن کے ضیاع اور فضائی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی جبکہ شہریوں کو محفوظ، تیز رفتار اور آسان سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے مزید ہدایت کی کہ رنگ روڈ منصوبہ جلد از جلد مکمل و فعال کیا جائے اور مقامی متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔








