پاکستان کی ٹیکنالوجی برآمدات مالی سال 2025-26 کے دوران تاریخ کی بلند ترین سطح 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں ، مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد

مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹیکنالوجی برآمدات مالی سال 2025-26 کے دوران تاریخ کی بلند ترین سطح 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ ہیں۔ جون 2026 میں ٹیکنالوجی برآمدات 416 ملین ڈالر رہیں، جو ماہانہ بنیاد پر 12 فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر 23 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔

اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی):مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹیکنالوجی برآمدات مالی سال 2025-26 کے دوران تاریخ کی بلند ترین سطح 4.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ ہیں۔ جون 2026 میں ٹیکنالوجی برآمدات 416 ملین ڈالر رہیں، جو ماہانہ بنیاد پر 12 فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر 23 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔ہفتہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت، آئی ٹی اور آئی ٹی سے منسلک خدمات کے شعبے میں مسلسل ترقی دیکھنے میں آ رہی ہے جس کے باعث عالمی ٹیکنالوجی مارکیٹ میں ملک کی مسابقتی صلاحیت مزید مضبوط ہو رہی ہے۔ بڑھتی ہوئی عالمی طلب کے تناظر میں پاکستان خود کو ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سروسز کے ایک اہم مرکز کے طور پر منوا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی برآمدات میں یہ اضافہ نہ صرف قیمتی زرمبادلہ کے حصول میں معاون ثابت ہو رہا ہے بلکہ اعلیٰ مہارت پر مبنی روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور علم پر مبنی، برآمدات پر مبنی معیشت کی بنیاد مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے آئی ٹی برآمدات پر 0.25 فیصد ٹیکس نظام میں 2029 تک توسیع، ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ، 5G ٹیکنالوجی کی تیاری اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی بہتری جیسے اقدامات کو اس شعبے کی ترقی کا اہم محرک قرار دیا جا رہا ہےجو آئندہ برسوں میں برآمدات میں مزید اضافے کی راہ ہموار کریں گے۔

 

مزید خبریں