اے ایچ ایف نے مسقط میں ہونے والے ایشین ہاکی انڈر 18 ورلڈ کپ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کا میچ شیڈول جاری کر دیا

ایشین ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف) نے 20 سے 25 جولائی تک عمان کے دارالحکومت مسقط میں ہونے والے 5ز انڈر ایشین ہاکی انڈر 18 ورلڈ کپ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کا باضابطہ میچ شیڈول جاری کر دیا، جس میں پاکستان کی مینز اور ویمنز انڈر 18 ٹیمیں شرکت کریں گی۔

لاہور۔18جولائی (اے پی پی):ایشین ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف) نے 20 سے 25 جولائی تک عمان کے دارالحکومت مسقط میں ہونے والے 5ز انڈر ایشین ہاکی انڈر 18 ورلڈ کپ کوالیفائنگ ٹورنامنٹ کا باضابطہ میچ شیڈول جاری کر دیا، جس میں پاکستان کی مینز اور ویمنز انڈر 18 ٹیمیں شرکت کریں گی۔شیڈول کے مطابق پاکستان مینز انڈر 18 ٹیم اپنا پہلا میچ 20 جولائی کو میزبان عمان کے خلاف شام 6 بجے کھیلے گی، جبکہ اسی روز دوسرا میچ بنگلہ دیش کے خلاف رات 9:30 بجے ہوگا۔ قومی ٹیم 21 جولائی کو روایتی حریف بھارت کے مدمقابل رات 9:30 بجے میدان میں اترے گی۔

دوسرے مرحلے میں پاکستان 23 جولائی کو شام 6 بجے دوبارہ عمان اور اسی روز رات 9:30 بجے بنگلہ دیش کا سامنا کرے گا، جبکہ 24 جولائی کو رات 9 بجے بھارت کے خلاف اپنا آخری گروپ میچ کھیلے گا۔پاکستان ویمنز انڈر 18 ٹیم اپنے مہم کا آغاز 20 جولائی کو شام 7:30 بجے عمان کے خلاف میچ سے کرے گی۔ قومی ٹیم 21 جولائی کو رات 8 بجے ایران کا سامنا کرے گی، جبکہ 23 جولائی کو شام 7:30 بجے دوبارہ عمان کے خلاف اور 24 جولائی کو رات 7:30 بجے ایران کے خلاف میدان میں اترے گی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان وقاص شیخ کے مطابق قومی انڈر 18 مینز اور ویمنز ٹیمیں ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایف آئی ایچ ہاکی 5ز انڈر 18 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کے عزم کے ساتھ شرکت کریں گی۔ فیڈریشن نے شائقین ہاکی سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی ٹیموں کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں تاکہ نوجوان کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر سکیں۔ دونوں ٹیموں کی نظریں کامیاب کارکردگی کے ذریعے عالمی کپ میں جگہ بنانے پر مرکوز ہوں گی۔

 

 

مزید خبریں