کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد عالمی ضمیر کا امتحان ہے، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ 19 جولائی کشمیری عوام کی پاکستان سے گہری وابستگی، آزادی کے عزم اور حقِ خودارادیت کے لیے ان کی مسلسل جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، یہ دن اس تاریخی فیصلے کی علامت ہے جس نے کشمیری عوام کے جذبات اور پاکستان کے ساتھ ان کے مضبوط تعلق کو دنیا کے سامنے واضح کیا۔

اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ 19 جولائی کشمیری عوام کی پاکستان سے گہری وابستگی، آزادی کے عزم اور حقِ خودارادیت کے لیے ان کی مسلسل جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، یہ دن اس تاریخی فیصلے کی علامت ہے جس نے کشمیری عوام کے جذبات اور پاکستان کے ساتھ ان کے مضبوط تعلق کو دنیا کے سامنے واضح کیا۔ہفتہ کویومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر محض ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ انصاف، انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین پرعملدرآمد کا معاملہ ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ عالمی برادری کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام نے آزادی، شناخت اور وقار کے تحفظ کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور آئندہ بھی ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت بھرپور انداز میں جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ آف پاکستان ہر قومی، علاقائی اور بین الاقوامی پارلیمانی فورم پر کشمیری عوام کی آواز کو مؤثر انداز میں اجاگر کرتی رہے گی اور عالمی ضمیر کو بیدار کرنے کے لیے اپنی سفارتی کوششوں میں مزید تیزی لائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد آزادی پاکستان کے لیے قومی ترجیح رہے گی اور ان کے حقِ خودارادیت کے حصول تک پاکستان کی حمایت غیر متزلزل رہے گی۔

 

مزید خبریں