فیصل آبا ہارٹیکلچر اتھارٹی کا شہر کی دیواروں پر دلکش آرٹ ورک اور گرین تھیم پینٹنگز کا کام جاری ہے۔
فیصل آباد ہارٹیکلچر اتھارٹی کا شہر کی دیواروں پر دلکش آرٹ ورک، گرین تھیم پینٹنگز کا کام جاری

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 24 جولائی (اے پی پی):فیصل آبا ہارٹیکلچر اتھارٹی کا شہر کی دیواروں پر دلکش آرٹ ورک اور گرین تھیم پینٹنگز کا کام جاری ہے۔
ترجمان ہارٹیکلچر اتھارٹی فیصل آباد کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے’’سرسبز پنجاب‘‘وژن کے تحت فیصل آباد کو خوبصورت اور صاف ستھرا کے لیے مختلف مقامات پر بیوٹیفکیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ شہر کی اہم شاہراہوں، دیواروں اور عوامی مقامات کو منفرد آرٹ ورک، قدرتی مناظر، رنگا رنگ پھولوں، قومی شخصیات کے پورٹریٹس اور ثقافتی شاہکاروں سے مزین کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو خوشگوار اور خوبصورت ماحول فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ ہارٹیکلچر اتھارٹی کی جانب سے شہر کی مختلف دیواروں کو تخلیقی انداز میں پینٹ کیا گیا ہے، جہاں قدرتی حسن، سبزہ، پھولوں اور قومی ورثے کی عکاسی کرنے والے فن پارے شہریوں کی توجہ کا مرکز بن رہے ہیں۔ اس کے علاوہ قومی شعرا، ادیبوں اور اہم شخصیات کی تصاویر بھی دیواروں پر نقش کی گئی ہیں تاکہ نئی نسل کو اپنی تاریخ، ثقافت اور قومی ہیروز سے روشناس کرایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ بیوٹیفکیشن مہم کا مقصد نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرنا ہے بلکہ عوام میں صفائی، ماحول دوستی اور جمالیاتی شعور کو بھی فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہارٹیکلچر اتھارٹی جدید طرز کے آرٹ ورک، شجرکاری اور گرین بیلٹس کی بہتری کے ذریعے فیصل آباد کو ایک ماڈل اور خوبصورت شہر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہری بھی اس قومی مہم میں اپنا کردار ادا کریں، عوامی املاک اور آرٹ ورک کی حفاظت کریں، صفائی کا خیال رکھیں اور شہر کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں ۔







