صوبائی وزیر صحت اور چیئرمین بورڈ آف گورنرز کی زیرصدارت اجلاس کا انعقاد

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر فرقد عالمگیر کی زیرصدارت جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور میں بورڈ آف گورنرز کا 12 واں اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں زیر تعمیر جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر جاری پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

لاہور۔27جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر فرقد عالمگیر کی زیرصدارت جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور میں بورڈ آف گورنرز کا 12 واں اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں زیر تعمیر جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر جاری پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

صوبائی سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں بورڈ ممبر عرفان علی، ڈاکٹر زبیر اکرم، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر طیبہ وسیم سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔ ویڈیو لنک کے ذریعے ممبر ہیلتھ شفاعت علی، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس زبدہ مبشر اور ڈائریکٹر محکمہ قانون شاہد امتیاز نے اجلاس میں شرکت کرکے11 ویں بی او جی کے منٹس کی توثیق کی گئی ،کے ساتھ ساتھ مختلف اسامیوں پر جاری بھرتی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کے او پی ڈی کو عوام کیلئے کھولنے کے حوالہ سے اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ انسٹی ٹیوٹ خطے کی عوام کو عالمی معیار کی صحت سہولیات دے گا۔ انسٹی ٹیوٹ کو جلد مکمل فعال کرکے دل کے مریضوں کو نئی سہولتیں دی جائیں گی۔ یہ ادارہ امراض قلب میں مبتلا مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے لینڈ مارک ثابت ہوگا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ صوبہ بھر میں امراض قلب میں مبتلا مریضوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

چیئرمین بورڈ آف گورنرز نے کہاکہ ادارے کی بہتری کیلئے تمام ممبرز اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ادارے کو شفاف اور جدید ہیلتھ ماڈل کے طور پر قائم کیا جائے گا،256 بستروں پر مشتمل ہسپتال بہت جلد انتظامیہ کو ہینڈ آور کر دیا جائے گا۔ سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے کہاکہ تمام فیصلوں پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ مختلف اسامیوں پر بھرتی کے عمل کو سو فیصد میرٹ پر مکمل کیا جا رہا ہے۔