"نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک اور برطانیہ کے اے کے ڈی گروپ آف کمپنیز کے درمیان پاکستان کے پہلے عالمی سطح سے منسلک دفاعی ٹیکنالوجی انکیوبیشن اور ابتدائی سرمایہ کاری پلیٹ فارم کے قیام، ڈیزائن، فنڈنگ اور مشترکہ عمل درآمد کے لیے سٹرٹیجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔”
نسٹ اور برطانیہ کے اے کے ڈی گروپ آف کمپنیز کے درمیان سٹرٹیجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط
اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (این ایس ٹی پی) اور برطانیہ کے اے کے ڈی گروپ آف کمپنیز کے درمیان پاکستان کے پہلے عالمی سطح سے منسلک دفاعی ٹیکنالوجی انکیوبیشن اور ابتدائی سرمایہ کاری پلیٹ فارم کے قیام، ڈیزائن، فنڈنگ اور مشترکہ عمل درآمد کے لیے سٹرٹیجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
معاہدے پر این ایس ٹی پی کے ڈائریکٹر انجینئر عامر شیخ اور اے کے ڈی گروپ (برطانیہ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی یار کے درانی نے دستخط کیے۔ اس موقع پر نسٹ کے پرو ریکٹر برائے تحقیق، اختراع و کمرشلائزیشن اور نائب صدر ڈاکٹر رضوان ریاض بھی موجود تھے۔ معاہدے کے تحت اے کے ڈی گروپ (برطانیہ) فنڈنگ اور سرمایہ کاری کے مرکزی شراکت دار کے طور پر کردار ادا کرے گا اور منتخب پاکستانی سٹارٹ اپس کو اپنی بین الاقوامی صنعتی کمپنیوں، دفاعی نظام تیار کرنے والے اداروں اور عالمی سرمایہ کاروں کے نیٹ ورک سے منسلک کرے گا۔اس شراکت داری کا مقصد پاکستان میں دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں جدت، تحقیق، کاروباری مواقع اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نئے کاروباری اداروں کی سرپرستی کرنا اور انہیں عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر مقررین نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ اشتراک پاکستان کے دفاعی ٹیکنالوجی کے ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے، مقامی اختراعات کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور نوجوان کاروباری افراد کے لیے نئی سرمایہ کاری اور ترقی کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔









