وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی سوات دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ملاقات، زخمیوں کی عیادت ، امن و امان کی صورتحال بارے اجلاس کی صدارت کی

"وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے سوات میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے کے شہدا کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی، زخمیوں کی عیادت کی اور امن و امان کی صورتحال سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔”

پشاور۔ 03 اگست (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پیر کو سوات میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے کے شہدا کے اہلخانہ سے ملاقات کی، دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی اور امن و امان کی صورتحال سے اجلاس کی صدارت کی ۔

وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق وزیر اعلی محمدسہیل آفریدی پیر کو دورے پر سوات پہنچےاس موقع پر معاون خصوصی برائے داخلہ طارق سعید، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ، آئی جی پولیس خیبرپختونخوا زوالفقار حمید بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے گزشتہ روز ہونے والے دھماکے کے شہدا کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ نے شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔وزیر اعلیٰ نے سیدو شریف ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا اور دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے اور علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت سوات میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔وزیر اعلیٰ کو دھماکے، سکیورٹی صورتحال اور جاری کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کے جوانوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ امن کے لیے خیبرپختونخوا کے عوام، پولیس اور تمام سیاسی و مذہبی قوتوں کو متحد ہو کر کھڑا ہونا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن مرحلہ جاری ہے، اس کا جڑ سے خاتمہ ہماری منزل ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے تمام تر وسائل فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کی استعداد بڑھانے کے لیے 20 ارب روپے مختص کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس 22 برس سے دہشت گردی کا بہادری سے مقابلہ کر رہی ہے، ہماری پولیس باصلاحیت، نڈر اور بہادر فورس ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن کی بحالی کے لیے صوبائی حکومت اپنی پالیسی پر عمل کرے گی، خیبر پختونخوا میں امن بحال کر کے دکھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ مالی سال 2026-27 امن، ترقی اور خوشحالی کا سال ہوگا۔