شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی میں یومِ استحصالِ کشمیر ریلی

شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی میں یومِ استحصالِ کشمیر ریلی

حیدرآباد۔ 05 اگست (اے پی پی):شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی، شہید بینظیر آباد میں یومِ آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار کے لیے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ نے کی۔ ریلی یونیورسٹی کے اکیڈمک بلاک سے شروع ہو کر ایڈمن بلاک تک پہنچی، جس میں اساتذہ، طلبہ، افسران، ملازمین اور سکیورٹی اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر، کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور ان کے ساتھ یکجہتی کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتا آیا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلۂ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔

دیگر مقررین، پروفیسر ڈاکٹر لیاقت علی زرداری، پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل کمبوہ، پروفیسر ڈاکٹر سلمان بشیر، پروفیسر ڈاکٹر ریحان شاہ، ڈاکٹر صدف سعدیہ، ڈاکٹر الطاف خاصخیلی اور دیگر نے اپنے خطابات میں کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، جس کے لیے عالمی ضمیر کو بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم ہر مشکل گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ریلی کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے حقِ خودارادیت کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

 

مزید خبریں