پی ڈی ایم اے نے مون سون فلڈ کی صورتحال بارے فیکٹ شیٹ جاری کر دی

وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون فلڈ کی صورتحال بارے فیکٹ شیٹ جاری کردی، فیکٹ شیٹ میں مون سون بارشوں کے باعث نقصانات کی تفصیل بھی شامل ہیں

لاہور۔9اگست (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون فلڈ کی صورتحال بارے فیکٹ شیٹ جاری کردی، فیکٹ شیٹ میں مون سون بارشوں کے باعث نقصانات کی تفصیل بھی شامل ہیں ۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشیں ریکارڈ کی گئیں، سب سے زیادہ بارش لاہور ایئرپورٹ پر 114 ملی میٹر، سیالکوٹ 59، قصور 40, حافظ آباد 16 اور فیصل آباد میں 13 ،ڈیرہ غازی خان 13، کوٹ ادو 12، چکوال 11، گوجرانولہ 11، مری 10، شیخو پورہ 6 اور ملتان میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ترجمان کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں ریکارڈ بارشوں کے باوجود کم سے کم وقت میں پیشگی انتظامات اور مشینری کے موجود ہونے کے باعث نکاسی آب کو فوری یقینی بنایا گیا جبکہ دریائوں ڈیمز اور بیراجز کی مسلسل نگرانی کا عمل جاری ہے۔ ترجمان کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 99 فیصد، منگلا ڈیم میں 64 فیصد ،تھین ڈیم 50 فیصد، اقر پونگ ڈیم 47 فیصد اور بھاکڑا ڈیم میں پانی کی سطح 43 فیصد تک ہے۔ ترجمان کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں میں حادثات کے باعث 54 شہری جاں بحق اور 328 زخمی ہوئے،اس لیے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ بچوں کا خیال رکھیں انہیں برساتی نالوں نشیبی علاقوں، دریاوں اور نہروں میں ہرگز مت نہانے دیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر بارشوں کے باعث حادثات میں زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت متاثرہ فیملیز کے نقصانات کا ازالہ بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلی کی ہدایات کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ مسلسل جاری ہے۔