وفاقی وزیر برائے بحری امور کی زیر صدارت پورٹ قاسم اتھارٹی بورڈ کا اجلاس ، قومی و محکمانہ تقاضوں کے تحت سپورٹس پالیسی پر نظرثانی بارے تبادلہ خیال کیا

وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے پورٹ قاسم اتھارٹی (PQA) کے بورڈ اجلاس کی صدارت کی جس میں اس کی سپورٹس پالیسی کا جائزہ لیتے ہوئے موجودہ قومی و محکمانہ تقاضوں کے مطابق اس میں جامع نظرثانی بارے تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اسلام آباد۔13اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے پورٹ قاسم اتھارٹی (PQA) کے بورڈ اجلاس کی صدارت کی جس میں اس کی سپورٹس پالیسی کا جائزہ لیتے ہوئے موجودہ قومی و محکمانہ تقاضوں کے مطابق اس میں جامع نظرثانی بارے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ محمد جنید انوار چوہدری نے ہدایت کی کہ نظرثانی شدہ پالیسی میں محکمانہ کھیلوں، کھلاڑیوں کی ترقی، کوچنگ و تربیت، شفاف انتخاب کے طریقہ کار، کھیلوں کی بہتر سہولیات، کھلاڑیوں کے لیے مراعات اور ادارہ جاتی ذمہ داریوں کے واضح تعین پر توجہ مرکوز کی جائے۔

انہوں نے پاکستانی بندرگاہوں کے لیے مشترکہ سپورٹس پالیسی کی تجویز دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ہونہار کھلاڑیوں کی تلاش کے لیے پورٹ قاسم میں ‘ٹیلنٹ ہنٹ کیمپ’ کا انعقاد کیا جائے۔ چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی ریئر ایڈمرل (ریٹائرڈ)سید معظم الیاس نے بتایا کہ اتھارٹی ایک’’ملٹی سپورٹس کمپلیکس‘‘قائم کرے گی جس میں کرکٹ، ہاکی، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، تیراکی، باسکٹ بال، سکواش، اتھلیٹکس اور فٹ بال کی سہولیات شامل ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بورڈ نے اس منصوبے کے لیے 9.6 ایکڑ کا ایک پلاٹ مختص کیا ہے، پہلے مرحلے میں کرکٹ گراؤنڈ کی تعمیر شامل ہوگی جس کے لیے ٹینڈر جاری کیا جائے گا اور ٹھیکہ کم ترین بولی دینے والے کو دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تجویز کردہ پالیسی کے تحت، کھیلوں کی ترقی اور سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے ایک مخصوص ڈائریکٹوریٹ قائم کیا جائے گا، نئے بھرتی ہونے والے کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے سینئر کھلاڑیوں کی خدمات بطور کوچ بھی حاصل کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ (KPT) اور PQA کے کھلاڑیوں کو یکجا کر کے بین الاقوامی معیار کی نئی کرکٹ ٹیم تشکیل دی جائے۔اجلاس میں پی کیو اے کے چیئرمین، ایچ آر کمیٹی کے اراکین اور بورڈ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔

مزید خبریں