"راولپنڈی میں انسدادِ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر یکم جنوری سے اب تک 1,670 ایف آئی آرز درج، 440 مقامات سیل اور 1,565 چالان کیے گئے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں پر مجموعی طور پر 19 لاکھ 74 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے۔”
راولپنڈی میں ڈینگی کے خلاف کریک ڈاؤن، 1670 مقدمات درج، 440 مقامات سیل

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 16 اگست (اے پی پی):ضلعی ہیلتھ انتظامیہ اور متعلقہ محکموں نے انسداد ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر یکم جنوری سے اب تک 1670 ایف آئی آرز درج، 440 مقامات سیل جبکہ 1565 چالان کیے ہیں اور خلاف ورزی کرنے والوں پر مجموعی طور پر 19 لاکھ 74 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ایپی ڈیمکس پریوینشن اینڈ کنٹرول (ڈی سی ای پی سی) کے ڈاکٹر جواد احمد نے اتوار کو بتایا کہ ضلع بھر میں انسداد ڈینگی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یکم جنوری سے 1460 انسداد ڈینگی ٹیموں نے گھروں کے اندر سرویلنس کے دوران 3 لاکھ 91 ہزار 747 گھروں کا معائنہ کیا، جہاں 74 ہزار 392 گھروں میں ڈینگی لاروا کی موجودگی پائی گئی۔انہوں نے بتایا کہ آؤٹ ڈور سرویلنس کے دوران ٹیموں نے 13 لاکھ 38 ہزار 647 مقامات کا معائنہ کیا اور 87 ہزار 408 مقامات پر ڈینگی لاروا کی نشاندہی ہوئی۔ڈاکٹر جواد احمد کے مطابق رواں سال ضلع راولپنڈی میں اب تک ڈینگی کے 6 کنفرم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 68، 2024 میں 33 اور 2023 میں 73 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ضلع میں ڈینگی کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے جامع انسداد ڈینگی مہم جاری ہے، حکومت کی جانب سے بیماری کی روک تھام کو ترجیح دی جا رہی ہے جبکہ ضلعی ہیلتھ انتظامیہ کسی بھی ممکنہ وبائی صورتحال سے نمٹنے کے لیے دن رات اقدامات کر رہی ہے۔








