"ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز و مینجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی سرگودھا محمد عاطف سندھو نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔”
ایم ڈی ستھراء پنجاب ایجنسی سرگودھا کا شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ

مزید خبریں
سرگودھا -16 اگست (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز/مینجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب ایجنسی سرگودھا محمد عاطف سندھو نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے صفائی ستھرائی کی صورتحال کاجائزہ لیا۔
انہوں نے محمدی کالونی، بلاک نمبری15 اور 16 سمیت شہر کے مختلف علاقوں، گلیوں، محلوں اور بازاروں میں صفائی آپریشن کا معائینہ کیا۔بعض مقامات پر دوپہر کا وقت گزرنے کے باوجود گندگی کے ڈھیر موجودپائےگئے جبکہ صفائی کی صورتحال بھی تسلی بخش نہ تھی۔ جس پر انہوں نے ڈسٹرکٹ منیجر اور تحصیل منیجر کو موقع پر طلب کرلیا اور ان کی سرزنش کرتے ہوئے فوری طور پر گندگی کے ڈھیر اٹھانے اور صفائی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔ اے ڈی سی میونسپل سروسز نے کہا کہ صبح سویرے شروع ہونے والا صفائی آپریشن دوپہر تک جاری رہنے کے باوجود اگر گندگی کے ڈھیر موجود ہوں تو یہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔صفائی آپریشن کا مقصد شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے، اس لیے تمام متعلقہ افسران اور عملہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔انہوں نے ہدایت کی کہ شہر میں روزانہ کی بنیاد پر صفائی آپریشن کو موثر بنایا جائے اور صبح سویرے شروع ہونے والی صفائی ہر صورت صبح 9 بجے سے پہلے مکمل کی جائے تاکہ دن کے آغاز پر شہر کی گلیاں، محلےاوربازار صاف ستھرے نظر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے حوالے سے کسی علاقے کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا اور تمام علاقوں میں یکساں معیار برقرار رکھا جائے۔ محمد عاطف سندھو نے متعلقہ افسران کو صفائی آپریشن کی کڑی نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ صفائی کے عمل میں غفلت، کوتاہی یا ناقص کارکردگی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ ذمہ داری پوری نہ کرنے والے افسران ، اہلکاروں اور ٹھیکیدار کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔








