پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے چھٹے سپیل کا الرٹ جاری کردیا

"پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے چھٹے سپیل کا الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت 16 اگست کی رات سے 21 اگست تک بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔”

لاہور۔16اگست (اے پی پی):پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے چھٹے سپیل کا الرٹ جاری کردیا،آج 16 اگست رات سے 21 اگست تک بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاوالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد ، وزیرآباد ،لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی ،نورپور تھل میں بارش کا امکان ہے،17 سے 20 اگست تک راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ جبکہ مری گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈی جی خان میں 20 اور 21 اگست کو بارش کا امکان ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد سیف انور جپہ نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ رہے۔ ڈی جی سیف انور نے کہا کہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے، اس حوالے سے محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے۔ ڈی جی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں،بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں۔ مون سون سیزن میں کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے سے زیادہ اموات رپورٹ ہوتی ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شہری آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں ،غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ آسمانی بجلی سے بچاؤ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں، بچوں کا خاص خیال رکھیں ،انہیں نشیبی علاقوں میں پانی اور بجلی تاروں و کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں۔ ڈی جی سیف انور جپہ ہے مزید کہا کہ عوام بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں،ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔