حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کرے گی، کسی کی بیماری پر سیاست نہیں کریں گے، وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی

حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کرے گی، کسی کی بیماری پر سیاست نہیں کریں گے، کھیئل داس کوہستانی۔

اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ حکومت عدالتی فیصلوں کا مکمل احترام کرتی ہے اور سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا۔

منگل کے روز پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی تمام سیاسی قائدین کو انہی عدالتوں سے ریلیف اور انصاف ملا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ایک خالصتاً قانونی اور عدالتی معاملہ ہے جو میرٹ کی بنیاد پر سامنے آیا ہے، تفصیلی فیصلہ جاری ہونے کے بعد اس پر مزید جامع بات کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ ہم کسی کے جانی دشمن نہیں ہیں، اگرچہ ماضی میں مخالفین نے ہمارے قائدین کی بیماریوں کا مذاق اڑایا تھا، لیکن ہم ایسی منفی سیاست پر یقین نہیں رکھتے بلکہ بانی پی ٹی آئی کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ حکومت عدالتی فیصلے پر مکمل عملدرآمد کی پابند ہے اور اس حساس معاملے پر کوئی سیاست نہیں کی جائے گی۔

مزید خبریں