آسٹریلوی ہائی کمشنر کا قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا دورہ، اعلیٰ تعلیم و تحقیق میں جامعہ کے کردار کو سراہا

آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹم کین نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں سینئر افسران نے ان کا استقبال کیا۔

گلگت۔ 18 اگست (اے پی پی):آسٹریلوی ہائی کمشنر برائے پاکستان ٹم کین نے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ جامعہ پہنچنے پر یونیورسٹی کے سینئر افسران نے آسٹریلوی ہائی کمشنر کا استقبال کیا۔

دورہ کے دوران آسٹریلوی ہائی کمشنر کے پولیٹکل سیکرٹری جیگر کونیدارس بھی ہمراہ تھے۔ جس کے بعد آسٹریلوی ہائی کمشنر نے جامعہ کے انتظامی وتدریسی افسران سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران یونیورسٹی کے ڈائریکٹر ایڈوانس سٹڈیز ڈاکٹر تصور رحیم بیگ،ڈائریکٹر انٹرنیشنل آفس سجاد حیدر اور ڈائریکٹر اکیڈمک ڈاکٹر سجاد علی نے یونیورسٹی میں جاری تعلیمی و تحقیقی اقدامات، جامعہ کے وژن، مشن اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیانیز آسٹریلوی جامعات کے ساتھ باہمی اعلیٰ تعلیم و تحقیق کے شعبے میں تعاون پر روشنی ڈالی۔انہوں نے بتایا کہ جامعہ قراقرم میں اس وقت دس ہزار سے زائد طلبہ و طالبات زیرتعلیم ہیں اور یونیورسٹی انڈرگریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ سمیت مختلف ڈپلومہ کورسز بھی پیش کر رہی ہے۔انہوں نے آسٹریلوی حکومت سے آسٹریلوی جامعات کے ساتھ اشتراک، ماؤنٹین ریسرچ کے شعبے میں تعاون، اکیڈمیا اور ماؤنٹین سپورٹس کے فروغ، نیز تعلیم، سکالرشپس اور طلبہ کو بااختیار بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور انٹرپرینیورشپ کے شعبوں میں تعاون کی سفارش کی۔اس موقع پر آسٹریلوی ہائی کمشنر نے اعلیٰ تعلیم و تحقیق، تکنیکی و ووکیشنل ایجوکیشن، زراعت اور ڈیری کے شعبوں اور جامعہ کی جانب سے پیش کردہ امور پراظہار خیال کرتے ہوئے ممکنہ تعاون کے حوالے گفت وشنید کی۔ انہوں نے کہاکہ اس دفعہ آسٹریلوی گورنمنٹ نے سکالرشپ اور ایوارڑکی تعداد میں اضافہ کیاہے۔جامعہ کے طلبہ وطالبات،فیکلٹی ممبران زیادہ سے زیادہ سکالرشپ اورآسٹریلوی ایوارڑ کے لیے اپلائی کریں۔آسٹریلوی گورنمنٹ حوصلہ افزائی کرے گی۔ انہوں نے دورے کی دعوت اور یونیورسٹی انتظامیہ کی مہمان نوازی کو بھی سراہا۔آسٹریلوی ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ آسٹریلوی حکومت پاکستان کے زرعی و تعلیمی شعبوں میں پہلے سے کام کر رہی ہے اور اس تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ملاقات کے اختتام پر جامعہ کی جانب سے آسٹریلوی ہائی کمشنر کو یادگاری کتاب پیش کی گئی۔

مزید خبریں