بارشوں کا چھٹا اسپیل، متعدد اضلاع میں مزید بارش کا امکان، ترجمان پی ڈی ایم اے
بارشوں کا چھٹا اسپیل، متعدد اضلاع میں مزید بارش کا امکان، ترجمان پی ڈی ایم اے

مزید خبریں
لاہور۔19اگست (اے پی پی):بارشوں کا چھٹا اسپیل جاری، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ ں بارش راولپنڈی میں ریکارڈ ہوئی، متعدد اضلاع میں مزید بارش کا امکان ۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب میں سب سے زیادہ بارش راولپنڈی میں 130 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ دیگر اضلاع اٹک 79، لاہور ایئرپورٹ 65، وزیر آباد 50، گوجرانولہ اور جہلم میں39 ، نارووال 33، منڈی بہاوالدین 30، گجرات 19، سیالکوٹ 11 اور مری میں7 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔ ترجمان کے مطابق آئندہ24 گھنٹوں کے دوران بھی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کے علاوہ بارشوں کا چھٹا سپیل21 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد سیف انور جپہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں ، جس میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ ادارے بارشوں کے دوران صورتحال کی مسلسل نگرانی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ کچے اور بوسیدہ مکانات میں ہرگز رہائش پذیر نہ ہوں اور بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران شہری محفوظ مقامات پر رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہری بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، تاروں، سائن بورڈز اور دیگر غیر محفوظ مقامات سے دور رہیں۔ شہریوں کی حفاظت کے لیے متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔








