صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی ٹیکس محتسب ظفر الحق حجازی کی ملاقات، سالانہ رپورٹ 2025ء پیش کی

صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی ٹیکس محتسب ظفر الحق حجازی کی ملاقات، سالانہ رپورٹ 2025ء پیش کی

اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وفاقی ٹیکس محتسب کے فیصلوں اور سفارشات پر عملدرآمد کی نگرانی کے لئے مؤثر طریقۂ کار مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے تاکہ شکایات کنندگان کو فراہم کیا جانے والا ریلیف بامعنی اور مؤثر ثابت ہو۔

بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے یہ بات وفاقی ٹیکس محتسب ظفر الحق حجازی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوانِ صدر میں ان سے ملاقات کی اور سالانہ رپورٹ 2025ء پیش کی۔صدرِ مملکت نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب وفاقی ٹیکس قوانین کے انتظام میں بدانتظامی کے نتیجے میں پیدا ہونے والی ناانصافیوں کی نشاندہی، تحقیقات، ازالے اور اصلاح کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

صدرِ مملکت نے شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کے ذرائع کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر بھی زور دیا۔صدرِ مملکت کو بتایا گیا کہ 2025ء کے دوران وفاقی ٹیکس محتسب کے پاس 37,160 نئی شکایات درج ہوئیں جبکہ 35,830 شکایات اور مقدمات نمٹائے گئے۔ اس کے علاوہ 13 ارب روپے سے زائد کے ریفنڈ کلیمز کے فیصلے کئے گئے اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے متاثرہ ٹیکس دہندگان کو واجب الادا رقم ادا کی گئی۔ملاقات کے دوران سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔

 

مزید خبریں