کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کےطلبہ کا پارلیمنٹ ہاؤس کا مطالعاتی دورہ، پارلیمانی نظام،پارلیمانی کارروائی سے متعلق بریفنگ

"پارلیمنٹ ہاؤس کا مطالعاتی دورہ طلبہ کو پارلیمانی نظام، پارلیمانی کارروائی اور قانون سازی کے عملی طریقہ کار کو سمجھنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔”

اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے 47 رکنی طلباء و طالبات کے وفد نے بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کا مطالعاتی دورہ کیا۔ پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر سینیٹ سیکرٹریٹ کے حکام نے وفد کو خوش آمدید کہا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق مطالعاتی دورے کے دوران وفد نے سینیٹ میوزیم کا دورہ کیا جہاں طلباء و طالبات نے پارلیمانی تاریخ، سینیٹ کے قیام و ارتقاء، جمہوری سفر اور ملک کے قانون ساز اداروں سے متعلق تاریخی و معلوماتی مواد کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر طلباء و طالبات کے وفد کو دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔وفد کو پارلیمانی نظام کی تاریخ اور پاکستان کے جمہوری اداروں کی تشکیل و ترقی کے مختلف مراحل کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔وفد نے گلی دستور کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں آئینِ پاکستان، پارلیمانی نظام، آئینی بالادستی اور ریاستی و جمہوری اداروں کی اہمیت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پرطلباء و طالبات نے آئینی و پارلیمانی امور سے متعلق مختلف سوالات بھی کئے جن کے تسلی بخش جوابات بھی دیئے گئے۔طلباء و طالبات کے وفد نے سینیٹ ہال کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں ایوانِ بالا کے اجلاس، پارلیمانی کارروائی، قانون سازی کے مراحل اور سینیٹ کے آئینی کردار کے بارے بریفنگ دی گئی۔ وفد کو بتایا گیا کہ سینیٹ وفاق کی تمام اکائیوں کو مساوی نمائندگی فراہم کرنے والا اہم پارلیمانی ادارہ ہے جو وفاقی اکائیوں کے مفادات کے تحفظ اور قومی قانون سازی کے عمل میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔طلباءو طالبات کے وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس کے مطالعاتی دورے کو نہایت مفید، معلوماتی اور یادگار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے مطالعاتی دورے نوجوان نسل میں جمہوری شعور، آئینی آگاہی اور پارلیمانی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

مزید خبریں