لیسکو میں سیفٹی اولین ترجیح ہے،حفاظتی اقدامات پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سی ای او

"لیسکو میں سیفٹی اولین ترجیح ہے، حفاظتی اقدامات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، انسانی جان سے بڑھ کر کوئی چیز قیمتی نہیں، محمد رمضان بٹ”

لاہور۔19اگست (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ لیسکو میں سیفٹی اولین ترجیح ہے اور حفاظتی اقدامات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،کوئی بھی لائن مین یا فیلڈ اہلکار حفاظتی سامان اور مقررہ ایس او پیز پر مکمل عمل کیے بغیر کام نہ کرے، انسانی جان سے بڑھ کر کوئی چیز قیمتی نہیں۔

ترجمان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیسکو ہیڈکوارٹر میں فنکشنل ہیڈز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جی ایم ٹیکنیکل رائے محمد اصغر، آپریشن ڈائریکٹر عمران محمودسمیت تمام فنکشنل ہیڈز نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ افسران ہر سطح پر سیفٹی کلچر کو فروغ دیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام آپریشنل سرگرمیاں حفاظتی اصولوں کے مطابق انجام دی جائیں۔ اجلاس کے دوران صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی، شکایات کے بروقت ازالے، فیلڈ آپریشنز کی موثر نگرانی اور سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنانے کے امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔