"میٹرک کے سالانہ امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی تعلیمی میدان میں ان کی کامیابیوں کو مزید تقویت دے گی۔”
میٹرک کے سالانہ امتحانات میں پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد

مزید خبریں
جہلم۔ 19 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں نمایاں اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔
تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن نازیہ شہزادی اور ڈی او سیکنڈری محمد شہزاد نے بھی شرکت کی۔راولپنڈی بورڈ میں ٹاپ کرنے والی گورنمنٹ ہائی سکول سنگھوئی کی طالبہ سوہانہ قدیر کو شاندار تعلیمی کارکردگی پر ایک لاکھ روپے نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ اسی طرح ضلع جہلم میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد ابراہیم، گورنمنٹ ہائی سکول ڈومیلی، کشمالہ ممتاز چوہدری، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کالا گجراں، اور ارفع دستگیر، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول جونیئر ماڈل جہلم کو 25 ہزار روپے نقد انعام اور تعریفی سرٹیفکیٹس دیے گئے۔ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کی محنت، لگن اور تعلیمی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ہونہار بچے ضلع جہلم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی کامیابی ان کی اپنی محنت کے ساتھ ساتھ والدین کی حوصلہ افزائی اور اساتذہ کی مسلسل رہنمائی کا نتیجہ ہے، جبکہ یہی باصلاحیت نوجوان مستقبل میں ملکی ترقی، استحکام اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گے۔سی ای او ایجوکیشن نازیہ شہزادی اور ڈی او سیکنڈری محمد شہزاد نے پوزیشن ہولڈرز، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے جاری اقدامات کو سراہا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ضلع جہلم میں تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور ہونہار طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے بھرپور مواقع فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا








