وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف حج، جدہ (سعودی عرب) میں ڈائریکٹر جنرل کی اہم اسامی پر شفاف اور میرٹ پر تقرری کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے گریڈ 20 اور 21 کے ریگولر افسران سے باقاعدہ نامزدگیاں طلب کر لی ہیں، جس کے تحت امیدوار اپنے متعلقہ محکموں کے ذریعے 2 ستمبر 2026 تک درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
ڈی جی حج جدہ کی تعیناتی کا عمل شروع: وزارتِ مذہبی امور نے گریڈ 20 اور 21 کے افسران سے 2 ستمبر تک نامزدگیاں طلب کر لیں

مزید خبریں
اسلام آباد۔19اگست (اے پی پی):وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف حج، جدہ (سعودی عرب) میں ڈائریکٹر جنرل کی اہم اسامی پر شفاف اور میرٹ پر تقرری کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے گریڈ 20 اور 21 کے ریگولر افسران سے باقاعدہ نامزدگیاں طلب کر لی ہیں، جس کے تحت امیدوار اپنے متعلقہ محکموں کے ذریعے 2 ستمبر 2026 تک درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
وزارت کے جاری کردہ سرکلرکے مطابق اس عہدے کے لیے صرف وہی افسران اہل ہوں گے جو بنیادی پے سکیل 20 یا 21 میں باقاعدہ (ریگولر) خدمات انجام دے رہے ہوں، جبکہ کرنٹ چارج یا ایکٹنگ چارج پر تعینات افسران درخواست دینے کے مجاز نہیں ہوں گے۔ امیدوار کی عمر درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ تک 56 سال سے کم اور کم از کم تعلیمی قابلیت گریجویشن ہونا لازمی قرار دی گئی ہے۔
مزید برآں، امیدوار کا گزشتہ پانچ سال کا سروس ریکارڈ شاندار ہونا چاہیے اور اس کے پاس پبلک ایڈمنسٹریشن، فنانشل مینجمنٹ، آئی ٹی اور مختلف سرکاری محکموں کے ساتھ کام کرنے کا وسیع تجربہ ہونا ضروری ہے۔ اہلیت کے معیار میں واضح کیا گیا ہے کہ امیدوار کو سعودی قوانین، حج و عمرہ کے قواعد و ضوابط، مناسکِ حج اور پاکستان و سعودی حکام کے مابین طے پانے والے حج سروس معاہدات کی مکمل معلومات ہونی چاہئیں۔ دوسری جانب، وہ افسران جو اگلے دو سال کے دوران پروموشن زون میں شامل ہیں یا جن کی ریٹائرمنٹ اگلے چار سال کے اندر متوقع ہے، اس تقرری کے لیے نااہل قرار دیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ وہ افسران جو پہلے ایک سے زائد بار یا گزشتہ تین سال کے دوران بیرونِ ملک تعینات رہ چکے ہوں، وہ بھی درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے۔ وزارت کے مطابق تقرری کا عمل تحریری امتحان اور بعد ازاں انٹرویو کے ذریعے مکمل کیا جائے گا، جس میں صرف ٹیسٹ پاس کرنے والے شارٹ لسٹڈ امیدواروں کو ہی انٹرویو کے لیے بلایا جائے گا۔
تمام امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سروس اسٹیٹمنٹ، پچھلے پانچ سال کے پی ای آرز گریڈنگ اور محکمانہ این او سی سمیت تمام مطلوبہ دستاویزات مقررہ تاریخ تک ‘پراپر چینل’ کے ذریعے ارسال کریں۔








