وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں نوجوان نسل کو درپیش فکری، اخلاقی اور معاشرتی چیلنجز کا مؤثر حل تعلیمات نبوی ﷺ میں موجود ہے، سیرت طیبہ ﷺ ہمیں محبت، اخوت، برداشت، رواداری، عدل، امن اور حسن اخلاق کا درس دیتی ہے جس پر عمل کرکے معاشرے کو امن و سلامتی اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔وہ محکمہ اوقاف …
نوجوان نسل کی فکری و اخلاقی تربیت کے لیے سیرت النبی ﷺ سے رہنمائی ضروری ہے، وفاقی وزیر

مزید خبریں
راولپنڈی ۔24اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں نوجوان نسل کو درپیش فکری، اخلاقی اور معاشرتی چیلنجز کا مؤثر حل تعلیمات نبوی ﷺ میں موجود ہے، سیرت طیبہ ﷺ ہمیں محبت، اخوت، برداشت، رواداری، عدل، امن اور حسن اخلاق کا درس دیتی ہے جس پر عمل کرکے معاشرے کو امن و سلامتی اور ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔وہ محکمہ اوقاف و مذہبی امور راولپنڈی زون کے زیر اہتمام منعقدہ زونل سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
کانفرنس ڈائریکٹر ایگریکلچر اوقاف پنجاب وقاص الدین کی زیر صدارت مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں مفتی انتخاب نوری، ملک ابرار ایم این اے، آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا، سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا، اے ڈی جی سی ہیڈ کوارٹر عبدالرحمن خان، ایڈیشنل کمشنر منصور احمد خان، پیر سعادت علی شاہ چورہ شریف، پیر سعد الرحمن عیدگاہ شریف، پیر سرکار جی گلشن آباد شریف، علامہ سید چراغ الدین شاہ، علامہ ڈاکٹر ظفر اقبال جلالی، سید عتیق الرحمن شاہ، علامہ عارف حسین وحدی، ایڈمنسٹریٹر اوقاف جواد عزیز جلالی، زونل خطیب اوقاف علامہ ایاز رضوی سمیت علما و مشائخ، سیاسی و سماجی رہنماؤں، انجمن تاجران، میلاد مراکز کے نمائندگان اور امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ سیرت طیبہ ﷺ انسانیت کے لیے مکمل رہنمائی کا سرچشمہ ہے، نوجوان نسل کی فکری و اخلاقی تربیت کے لیے سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات کو عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ محبت، رواداری، برداشت اور بھائی چارے جیسی اقدار کو فروغ دے کر معاشرے میں امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔مفتی انتخاب نوری نے کہا کہ نسل نو ہمارا قیمتی سرمایہ اور ملک و ملت کا مستقبل ہے، اس کی صحیح تربیت اور کردار سازی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے کہا کہ والدین، علما، مشائخ، اساتذہ، تاجران، سماجی رہنماؤں اور معاشرے کے تمام طبقات کو چاہیے کہ نوجوانوں کو سیرت رسول اکرم ﷺ سے جوڑنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
ڈائریکٹر ایگریکلچر اوقاف پنجاب وقاص الدین نے کہا کہ نوجوان نسل کو دین، اخلاق، حب الوطنی اور خدمت خلق کا عملی نمونہ بننے کی ترغیب دینی چاہیے۔کانفرنس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیرت رسول اکرم ﷺ کے پیغام کو عام کرنے، معاشرے میں امن و بھائی چارے کو فروغ دینے اور نسل نو کی مثبت و تعمیری تربیت کے لیے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔ شرکا نے کانفرنس کے بہترین انتظامات پر محکمہ اوقاف کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔








