حضور اکرم ﷺ آخری نبی اور پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے، ڈسٹرکٹ خطیب

ڈسٹرکٹ خطیب سرگودھا وقار احمد عثمانی نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے آخری نبی اور پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا

سرگودھا ۔ 24 اگست (اے پی پی):ڈسٹرکٹ خطیب سرگودھا وقار احمد عثمانی نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے آخری نبی اور پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر تشریف لائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ؐکی ولادتِ با سعادت مکہ مکرمہ سعودی عرب میں ہوئی، آپ ﷺ نے اپنی پوری زندگی سچائی، امانت، عدل، صبر، رحم و کرم اور حسنِ اخلاق کا عملی نمونہ بن کر گزاری اور صادق اور امین کا لقب پایا ۔

وقار احمد عثمانی نے کہا کہ آپ ﷺ نے انسانوں کو ایک اللہ کی عبادت، نیکی، محبت، مساوات اور بھائی چارے کی تعلیم دی۔ آپ ﷺ نے کمزوروں، یتیموں، مسکینوں اور محتاجوں کے حقوق کی حفاظت فرمائی اور دشمنوں کے ساتھ بھی عفو و درگزر کا بے مثال مظاہرہ کیا۔ مدینہ منورہ میں آپ ﷺ نے ایسا معاشرہ قائم فرمایا جس کی بنیاد عدل، اُخوت، رواداری اور انسانی حقوق پر تھی۔ وقار احمد عثمانی نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ مبارکہ ہمارے لیے زندگی کے ہر شعبے میں بہترین رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔ آپ ﷺ نے اپنے قول و عمل سے انسانیت کو امن، محبت اور کامیابی کا راستہ دکھایا۔ قرآنِ کریم نے آپ ﷺ کے اخلاق کو عظیم قرار دیا اور آج بھی دُنیا بھر کے مسلمان آپ ﷺ کو اپنی زندگی کا بہترین نمونہ مانتے ہیں۔