کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمت محض فائلیں چلانے کا نام نہیں بلکہ عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا اصل مقصد ہے، افسر کی اصل پہچان اس کے عہدے یا گریڈ سے نہیں بلکہ اس کے کام اور عوام پر پڑنے والے مثبت اثر سے ہوتی ہے
سرکاری عہدہ اختیار نہیں عوام کی خدمت اور بڑی ذمہ داری ہے،کمشنر ملتان ڈویژن

مزید خبریں
ملتان۔ 24 اگست (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمت محض فائلیں چلانے کا نام نہیں بلکہ عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا اصل مقصد ہے، افسر کی اصل پہچان اس کے عہدے یا گریڈ سے نہیں بلکہ اس کے کام اور عوام پر پڑنے والے مثبت اثر سے ہوتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پی ایم ایس افسران کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عہدہ اختیار نہیں بلکہ عوام کی خدمت اور ایک بڑی ذمہ داری ہے جبکہ سرکاری اختیار ذاتی مفاد کے بجائے عوامی فائدے کے لیے استعمال ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جاب ڈسکرپشن تک محدود رہنے کے بجائے مسائل کا حل تلاش کرنا حقیقی پبلک سروس ہے۔ کمشنر نے کہا کہ مستحق افراد کے لیے مفت کھانے کا انتظام، ادیبوں اور شعراء کی پذیرائی، شہری خوبصورتی، تجاوزات سے واگزار اراضی پر پارکس اور لائبریری سے منسلک کیفے جیسے منصوبے منفرد سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کی بہتری صرف حکومت نہیں بلکہ تمام طبقات کی مشترکہ ذمہ داری ہے، نوجوان افسران مسائل کی نشاندہی کے ساتھ قابلِ عمل حل بھی تلاش کریں۔








