سیرتِ طیبہؐ کا مطالعہ ہمیں محبتِ رسولؐ ، اخلاص، خدمتِ خلق، باہمی اخوت اور انسانیت کا درس دیتا ہے،ڈاکٹر احسان بھٹہ

سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر اسلامی کتب اور سیرت النبیؐ کی نمائش کا انعقاد حضور اکرمؐ کی حیاتِ طیبہ، اسوہ حسنہ اور اسلامی تعلیمات سے عوام بالخصوص نئی نسل کو روشناس کرانے کا بہترین ذریعہ ہے

لاہور۔24اگست (اے پی پی):سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر اسلامی کتب اور سیرت النبیؐ کی نمائش کا انعقاد حضور اکرمؐ کی حیاتِ طیبہ، اسوہ حسنہ اور اسلامی تعلیمات سے عوام بالخصوص نئی نسل کو روشناس کرانے کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز اقبال ہال، بادشاہی مسجد لاہور میں محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیر اہتمام دو روزہ اسلامی و سیرت النبیؐ کتب نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیرتِ طیبہؐ کا مطالعہ ہمیں محبتِ رسولؐ،اخلاص، رواداری، برداشت، خدمتِ خلق، باہمی اخوت اور انسانیت سے محبت کا درس دیتا ہے، جبکہ کتب بینی انسان کی فکری و روحانی تربیت میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نمائش میں اسلامی اور سیرت النبیؐ سے متعلق کتب و لٹریچر عوام کے مطالعہ کے لیے پیش کیا جا رہا ہے تاکہ شہری بالخصوص طلبہ اور نوجوان اسلامی تعلیمات اور حیاتِ طیبہؐ سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔ اس موقع پر خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ سیرت النبیؐ کا مطالعہ ایمان کو مضبوط اور کردار کو سنوارنے کا موثر ذریعہ ہے، نبی کریمؐ کی حیاتِ طیبہ ہمارے لیے زندگی کے ہر شعبے میں بہترین رہنمائی فراہم کرتی ہے اور ایسی علمی و دینی نمائشیں نئی نسل کو اسلامی کتب اور سیرتِ رسولؐ سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم کتب بینی کو فروغ دیں اور سیرتِ طیبہؐ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔ اس موقع پر زونل ایڈمنسٹریٹر شاہد حمید ورک اور محکمہ اوقاف کے دیگر افسران و ملازمین بھی موجود تھے۔