ڈپٹی کمشنر لاہورکاگورنمنٹ گرلز ہائی سکول کا دورہ،بچوں میں خوش آمدید کے کارڈز اور بیجز تقسیم

لاہور میں موسم گرما کی تعطیلات کے بعد تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھل گئے ہیں جس سے سکولوں کی رونقیں دوبارہ بحال ہو گئی ہیں

لاہور۔24اگست (اے پی پی):لاہور میں موسم گرما کی تعطیلات کے بعد تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھل گئے ہیں جس سے سکولوں کی رونقیں دوبارہ بحال ہو گئی ہیں۔ بچوں کی حوصلہ افزائی اور تعلیمی انتظامات کے جائزے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول شاہراہ ایوان تجارت کا دورہ کیا اور طالبات کو چھٹیوں کے بعد سکول واپسی پر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر انہوں نے سکول کے مختلف سیکشنز اور کلاس رومز کا دورہ کیا اور بچوں میں خوش آمدید کے خصوصی کارڈز اور بیجز تقسیم کیے تاکہ ان کا جوش و خروش اور حوصلہ بڑھایا جا سکے۔ دورہ کے دوران سکول انتظامیہ اور ضلعی افسران بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے جنہوں نے سکول میں تدریسی عمل کے آغاز اور طالبات کی حاضری سے متعلق بریفنگ دی۔

ڈی سی لاہور کو سکول میں فراہم کردہ تعلیمی سہولیات، پینے کے صاف پانی کی دستیابی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ڈی سی نے ہدایت کی کہ سکولوں میں صفائی کے انتظامات کو ہر صورت مثالی بنایا جائے اور طلبا کو تعلیمی ماحول میں بہترین، پرسکون اور سازگار سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کے مطابق سرکاری سکولوں کا معیار بہتر بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔