سی ای او ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ کا عطائیت اور جعلی ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن

چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ ضلع بھکر سرگودھا ڈویژن ڈاکٹر مظہر عباس خان نے عطائیت اور جعلی ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ایک میٹرنٹی ہوم اور چار کلینکس کو سیل کر دیا

سرگودھا۔ 24 اگست (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ ضلع بھکر سرگودھا ڈویژن ڈاکٹر مظہر عباس خان نے عطائیت اور جعلی ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ایک میٹرنٹی ہوم اور چار کلینکس کو سیل کر دیا۔ پیر کو ڈاکٹر مظہر عباس خان نے ڈرگ کنٹرولر بھکر ڈاکٹر مظہر عباس خان، سینئر ڈرگ انسپکٹر کلورکوٹ ملک شاہد گھانگلہ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر دریا خان عمران خان بلوچ، ڈرگ انسپکٹر دریا خان ڈاکٹر الیاس رضا و دیگر ٹیم کے ہمراہ بھکر و دریا خان کے مختلف علاقہ جات کے اچانک دورے کیے۔ ڈاکٹر مظہر عباس خان نے طاہرہ میٹرنٹی ہوم دریا خان پر چھاپہ مار کرعطائیت اور غیر تربیت یافتہ اور ان کوالیفائیڈ عملے کے باعث میٹرنٹی ہوم کو مکمل طور پر سیل کروا دیا اور مزید کارروائی کے لئے چالان ہیلتھ کئیر کمیشن لاہور کو بھجوا دیا۔

بعد ازاں انہوں نے شبانہ کلینک ریلوے کراسنگ دریا خان پر چھاپے کے دوران غیر قانونی علاج معالجہ کے خاطر خواہ ثبوت کی بنا پر مذکورہ کلینک کو موقع پر سربمہر کروا دیا۔ اسی طرح حاجی یونس کلینک پر غیر تربیت یافتہ عملہ انسانی زندگیوں سے کھلواڑ کرتے پایا گیا جس پر قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے حاجی یونس کلینک کو سیل کرتے ہوئے کیس مزید کارروائی کے لیے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن لاہور کو بھجوایا گیا۔ ڈاکٹر گلو سیال کلینک کا بھی خصوصی معائنہ کیا جس کو غیر قانونی پایا گیا اور کلینک کو موقع پر سربمہر کرکے چالان مزید کارروائی کے لیے ہیلتھ کیئر کمیشن لاہور کو بھجوا دیا گیا۔ہومیو پیتھک ڈاکٹر یوسف کلینک پر غیر قانونی طریقے سے علاج معالجہ کیا جا رہا تھا جس پر مذکورہ کلینک کو سربمہر کرکے چالان پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن لاہور کو بھجوا دیا گیا۔