بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک میں سرمایہ کاری کریں، پاکستان عالمی سطح پر سفارتی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہا ہے، اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر سفارتی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہا ہے، ملکی معیشت کا پہیہ چل پڑا ہے، برطانیہ کا دورہ انتہائی مثبت اور کامیاب رہا۔

لندن۔29اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارت کاری اور معیشت میں مثبت تبدیلی آئی ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک میں سرمایہ کاری کریں، پاکستان عالمی سطح پر سفارتی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہا ہے، ملکی معیشت کا پہیہ چل پڑا ہے، برطانیہ کا دورہ انتہائی مثبت اور کامیاب رہا۔ نائب وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار لندن میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مذاکرات اور سفارت کاری کو مسائل کا حل سمجھتا ہے، جنگ سے مسائل حل نہیں ہوتے، مذاکرات اور سفارت کاری ہی راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکہ اور ایران تنازعہ میں بھرپور سفارتی کوششیں کیں اور دونوں ملکوں کو ایک میز پر بٹھانے میں اہم کردار ادا کیا، دنیا پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہ رہی ہے، اور پاکستان کو آج خطے میں امن کے داعی ملک کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر اہم مقام حاصل کرچکا ہے، پاکستان کی مسلح افواج نے گزشتہ سال شاندار بہادری کا مظاہرہ کیا۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں، برطانوی حکام سے پاکستان کے تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں اب استحکام آچکا ہے، پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہوکر 11 فیصد پر آ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے بعد اب حکومت کی توجہ ترقی اور شرح نمو پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی سے فی کس آمدنی اور معیار زندگی بہتر ہوگا۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دولت مشترکہ میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان نے دولت مشترکہ ممالک کو موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔

سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو 2017 کے معاشی اشاریوں تک لے جانا ہے، پاکستان کو دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت بنانا اور جی 20 میں شامل کرنا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے خطرے سے نکل چکا ہے جبکہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی 30 فیصد سے کم ہوکر سنگل ڈیجیٹل میں آچکی ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو خطے کا نیٹ سیکورٹی پرووائڈر قرار دیا جارہا ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو ملک کا بڑا اثاثہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر سالانہ 40 ارب ڈالر سے تجاوز کر رہی ہیں۔

انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ ملک میں سرمایہ کاری کریں اور روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کے ذریعے رقوم پاکستان بھجوائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارت کاری اور معیشت میں مثبت تبدیلی آئی ہے، متعدد ممالک پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے خواہشمند ہیں اور پاکستان کو مختلف ممالک کی جانب سے دعوتیں موصول ہوئی ہیں۔