چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی کمبوڈیا کے فرمانروا کنگ نورودوم سیہامونی سے ملاقات

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی کمبوڈیا کے فرمانروا کنگ نورودوم سیہامونی سے ملاقات

نوم پنہ، کمبوڈیا۔29اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ اور بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) کے بانی چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے دوسری بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کے موقع پر کمبوڈیا کے دارالحکومت نوم پنہ میں کنگ نورودوم سیہامونی سے خصوصی ملاقات کی۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے معزز فرمانروا کی جانب سے پرتپاک میزبانی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے دوسری بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر کمبوڈیا کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے پارلیمانی رہنماؤں کا نوم پنہ میں اجتماع اس عزم کا مظہر ہے کہ باہمی مکالمے، امن اور تعاون کو فروغ دیا جائے۔سیدیوسف رضا گیلانی نے کہا کہ اسلام آباد سے نوم پنہ تک کا سفر دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد، باہمی احترام اورمشترکہ مقاصد کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے امن، مفاہمت اور قومی یکجہتی کے فروغ میں کمبوڈیا کی پیش رفت کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے اسے دیگر اقوام کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ دنیا کو تنازعات، معاشی مشکلات اور دیگر چیلنجز کا سامنا ہے، ایسے حالات میں پارلیمانوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مکالمے کا عمل جاری رکھیں اور اقوام کے درمیان فاصلے کم کرنے اور باہمی روابط کے فروغ کے لیے پل کا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس امن، تعاون اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے ایک اہم اور مؤثر پلیٹ فارم ہے۔چیئرمین سینیٹ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ تیسری بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس (آئی ایس سی) انڈونیشیا میں منعقد ہوگی۔اختتام پر چیئرمین سینیٹ نےکنگ نورودوم سیہامونی کی صحت و سلامتی اور کمبوڈیا کی امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اقوام کے درمیان یہ دوستی ہمیشہ قائم و دائم رہے۔