نیشنز کپ ہاکی ٹورنامنٹ، پاکستان کی قومی وائٹ ہاکی ٹیم نے بیلاروس انڈر 21کو ہرادیا

نیشنز کپ ہاکی ٹورنامنٹ، پاکستان کی قومی وائٹ ہاکی ٹیم نے بیلاروس انڈر 21کو ہرادیا

لاہور۔29اگست (اے پی پی):روس کے شہر کازان میں جاری نیشنز کپ 2026 ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کی قومی وائٹ ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے دوسرے میچ میں بیلاروس انڈر 21 کو 1-4 گولزسے شکست دے کر پہلی فتح حاصل کر لی۔ ترجمان کے مطابق اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں پاکستان وائٹ اور بیلاروس سینئر کی ٹیم کے درمیان مقابلہ 4-4 سے ڈرا رہا تھا۔

کازان فیلڈ ہاکی سینٹر میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان وائٹ نے بیلاروس انڈر 21 کے خلاف جارحانہ کھیل پیش کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے ابوزر، یاسر خان، سعد اور تیمور نے ایک ایک گول سکور کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔اس سے قبل ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پاکستان وائٹ کا مقابلہ بیلاروس سینئر ٹیم سے ہوا جو کہ انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4-4 گول سے برابر رہا۔

اس میچ میں بھی پاکستان کے لیے ابوزر، عثمان اشرف، سعد اور یاسر خان نے گیند کو جال کی راہ دکھائی۔ ٹورنامنٹ شیڈول کے مطابق قومی ہاکی ٹیم ہیڈ کوچ اولمپیئن کامران اشرف کی زیر نگرانی 30 اگست کو بیلاروس کے خلاف، 31 اگست کو سمرقند سٹی کے خلاف اور یکم ستمبر کو روس کی قومی ٹیم کے خلاف میچز کھیلے گی۔