چیف سیکرٹری بلوچستان کی زیر صدارت محکموں کی کارکردگی، سالانہ اہداف اور مستقبل کی ترجیحات کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس
چیف سیکرٹری بلوچستان کی زیر صدارت محکموں کی کارکردگی، سالانہ اہداف اور مستقبل کی ترجیحات کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس
کوئٹہ۔ 29 اگست (اے پی پی):چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت صوبائی محکموں کی کارکردگی، سالانہ اہداف اور مستقبل کی ترجیحات کا جائزہ لینے کیلئے اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے سیکرٹریز نے اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی، اہداف کی تکمیل، نمایاں کامیابیوں، درپیش چیلنجز اور آئندہ کی حکمتِ عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں محکمہ منصوبہ بندی و ترقی (P&D)، زراعت، کالجز، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، آبپاشی، لوکل گورنمنٹ، فشریز اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے سیکرٹریز نے شرکت کی اور اپنے محکموں کی کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔
چیف سیکرٹری شکیل قادر خان نے اس موقع پر واضح کیا کہ حکومتی پالیسیوں اور ترقیاتی منصوبوں کا اصل مقصد عوام کو عملی اور بروقت ریلیف فراہم کرنا ہے، اس لیے تمام محکمے اپنی کارکردگی کو عوامی سہولیات اور نتائج سے جوڑیں۔انہوں نے محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ سالانہ اہداف کے حصول میں تیزی لائی جائے، ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے اور دستیاب سرکاری وسائل کا شفاف اور بہترین استعمال کیا جائے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ اچھی حکمرانی، شفافیت، میرٹ، ادارہ جاتی نظم و ضبط اور عوامی خدمت صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، تمام محکمے باہمی رابطے اور مربوط حکمتِ عملی کے ذریعے درپیش رکاوٹوں کو دور کریں تاکہ حکومتی اقدامات کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں۔انہوں نے سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ محکموں کی کارکردگی میں مزید بہتری کے لیے قابلِ پیمائش اہداف مقرر کیے جائیں،
ان پر باقاعدگی سے پیش رفت کا جائزہ لیا جائے اور جہاں رکاوٹیں موجود ہوں وہاں بروقت اقدامات کئے جائیں۔چیف سیکرٹری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت کے انتظامی معاملات میں کارکردگی، جوابدہی اور عوامی مفاد کو مرکزی حیثیت حاصل رہے گی اور تمام محکموں کو نتائج پر مبنی طرزِ حکمرانی کی جانب مزید تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا۔








