خیبرپختونخوا میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، گورنر خیبرپختونخوا

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں کرکٹ کے فروغ، باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور ڈومیسٹک کرکٹ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا،ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے کھلے ہیں۔

پشاور۔ 31 اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں کرکٹ کے فروغ، باصلاحیت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور ڈومیسٹک کرکٹ کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا،ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے کھلے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں خیبرپختونخوا میں ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سینئر جنرل منیجر ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز اسامہ شیرون نیازی نے گورنر فیصل کریم کنڈی کو ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹس، اسٹرکچر اور شیڈول کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

اسامہ شیرون نیازی نے بتایا کہ پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ کے 16 ریجنز ہیں، جبکہ خیبرپختونخوا میں پشاور، فاٹا اور ایبٹ آباد ڈومیسٹک کرکٹ ریجنز قائم ہیں۔ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ٹورنامنٹس آٹھ ٹیموں پر مشتمل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018 کی پالیسی سے ڈومیسٹک کرکٹ کو شدید نقصان پہنچا، تاہم ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ اور کھلاڑیوں کی بہتری کے لیے نئی پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے کی جانے والی نئی اصلاحات سے ڈومیسٹک کرکٹ اور کھلاڑیوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

اسامہ شیرون نیازی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے لیے گورنر کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی ضروری ہے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کرکٹ کے فروغ کے لیے معیاری کرکٹ اسٹیڈیمز کی تعمیر اور کھلاڑیوں کے لیے رہائش سمیت بہتر سہولیات کی فراہمی ضروری ہے۔ پی سی بی اس حوالے سے تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی آئی خان کے دو گراؤنڈز کو ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے لیے بروئے کار لایا جائے، جبکہ خیبرپختونخوا کے سرکاری محکموں اور اداروں کی بھی ڈومیسٹک کرکٹ ٹیمیں ہونی چاہئیں۔

گورنر نے کہا کہ ریجنز میں کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور کے علاوہ خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں بھی انٹرنیشنل معیار کے کرکٹ اسٹیڈیمز کی اشد ضرورت ہے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کرکٹ کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا اور صوبے کے نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔ اسامہ شیرون نیازی نے اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ مرحلے میں ملک بھر کے 450 اسکولز نے حصہ لیا، جبکہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پروگرام کا دائرہ تین گنا بڑھا دیا ہے۔

آئندہ مرحلے میں ملک بھر سے 1200 سے زائد اسکولز کی شرکت متوقع ہے۔ انہوں نے سرکاری و نجی اسکولوں سے اپیل کی کہ وہ اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں بھرپور حصہ لیں۔ اسکول کرکٹ پروگرام خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں کرکٹ کے فروغ، باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش اور ان کی تربیت میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اسکول انتظامیہ پی سی بی کے ریجنل کوچز کے ساتھ بھرپور تعاون کرے۔