برسبین اولمپکس 2032، آسٹریلیا کا بحرالکاہل کے ایتھلیٹس کے لیے 1کروڑ 56 لاکھ ڈالر گرانٹ کا اعلان

آسٹریلوی حکومت نے برسبین اولمپکس اور پیرا اولمپکس 2032 کی تیاریوں کے سلسلے میں بحرالکاہل کے ممالک کے ایتھلیٹس اور کھیلوں کے عہدیداروں کے لیے 1کروڑ 56 لاکھ آسٹریلوی ڈالر کی مالی معاونت کا اعلان کردیا۔

کینبرا۔1ستمبر (اے پی پی):آسٹریلوی حکومت نے برسبین اولمپکس اور پیرا اولمپکس 2032 کی تیاریوں کے سلسلے میں بحرالکاہل کے ممالک کے ایتھلیٹس اور کھیلوں کے عہدیداروں کے لیے 1کروڑ 56 لاکھ آسٹریلوی ڈالر کی مالی معاونت کا اعلان کردیا۔

شنہوا کے مطابق آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز اور بحرالکاہل جزائر کے امور کے وزیر پیٹ کونروئے نے مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ رقم 4 سال کے دوران 13 بحرالکاہل ممالک کے ایتھلیٹس اور عہدیداروں کو اعلیٰ معیار کی تربیت اور مختلف مقابلوں کے لیے کوالیفائی کرنے کے مواقع فراہم کرنے پر خرچ کی جائے گی۔

حکومت کے مطابق اس فنڈنگ سے مستفید ہونے والے کھلاڑی 2027 میں تاہیٹی میں ہونے والے پیسیفک گیمز، 2028 لاس اینجلس اولمپکس و پیرا اولمپکس اور دیگر بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کے لیے تیاری اور کوالیفائی کرسکیں گے۔وزیراعظم انتھونی البانیز نے کہا کہ یہ نئی شراکت داری بحرالکاہل سے کامیاب ایتھلیٹس کی اگلی نسل تیار کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ برسبین 2032 کی منصوبہ بندی آگے بڑھنے کے ساتھ آسٹریلیا بحرالکاہل کے بہترین کھلاڑیوں کا خیرمقدم کرنے اور انہیں طلائی تمغے کے حصول کے لیے بھرپور معاونت فراہم کرنے کا منتظر ہے۔فنڈنگ کا اعلان پلاؤ میں ہونے والے پیسیفک آئی لینڈز فورم کے سربراہان اجلاس کے موقع پر کیا گیا، جس میں آسٹریلوی وزیراعظم بھی شریک ہیں۔

 

مزید خبریں