جہلم کی دھرتی کے عظیم سپوت اور 1971ء کی جنگ کے ہیرو میجر محمد اکرم شہید (نشانِ حیدر) کی یادگار پر ایک نہایت پروقار خصوصی

جہلم کے عظیم سپوت اور 1971ء کی جنگ کے ہیرو میجر محمد اکرم شہید (نشانِ حیدر) کی یادگار پر پُروقار خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

جہلم۔ 06 ستمبر (اے پی پی):یومِ دفاع کے شایانِ شان موقع پر جہلم کی دھرتی کے عظیم سپوت اور 1971ء کی جنگ کے ہیرو میجر محمد اکرم شہید (نشانِ حیدر) کی یادگار پر ایک نہایت پروقار خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہید کو ان کی بے مثال جرأت اور لازوال قربانی پر بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

​تقریب کے دوران آرمی چیف کی نمائندگی کرتے ہوئے جی او سی 6 آرمڈ ڈویژن میجر جنرل سردار محمد طارق خان نے میجر محمد اکرم شہید کی یادگار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر 4 فرنٹیئر فورس (FF) کے بریگیڈیئر (ر) ظہیر اختر اور میجر اکرم شہید کے بھائی حفیظ اللہ ملک نے بھی یادگار پر پھول چڑھا کر اپنے عظیم ہیرو کو سلام پیش کیا۔​اس روحانی اور باوقار تقریب میں پاک فوج کے اعلیٰ افسران، کمانڈر 23 ڈویژن، کمانڈنٹ ملٹری کالج جہلم (MCJ)، سٹیشن کمانڈر، ضلعی انتظامیہ کے حکام اور شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور ملکی دفاع کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا۔​واضح رہے کہ میجر محمد اکرم شہید 4 اپریل 1938ء کو ضلع جہلم کے گاؤں نکاں کلاں میں پیدا ہوئے اور انہوں نے 13 اکتوبر 1963ء کو 4 فرنٹیئر فورس میں کمیشن حاصل کیا۔ انہوں نے 1965ء اور 1971ء کی پاک بھارت جنگوں میں شجاعت کی نئی داستانیں رقم کیں اور 5 دسمبر 1971ء کو ہلی کے محاذ پر دشمن کے دانت کھٹے کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ ان کی اسی بے مثال شجاعت پر انہیں پاکستان کے سب سے بڑے ملٹری اعزاز "نشانِ حیدر” سے نوازا گیا۔

مزید خبریں