ڈیجیٹل تجارت علاقائی اقتصادی ترقی اور مشترکہ خوشحالی کا نیا ذریعہ ہے، سی ای او پاکستان فرنیچر کونسل

پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ ایشیا پیسیفک خطے میں ڈیجیٹل تجارت معاشی انضمام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کا اہم ذریعہ بن چکی ہے۔

لاہور۔6ستمبر (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ ایشیا پیسیفک خطے میں ڈیجیٹل تجارت معاشی انضمام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کا اہم ذریعہ بن چکی ہے۔

اتوار کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل تجارت بین الاقوامی تجارت کی رکاوٹیں کم کرکے ترقی پذیر ممالک اور چھوٹے کاروباروں کو عالمی ویلیو چینز کا حصہ بننے کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چین سمیت خطے کے ممالک کے ساتھ تعاون کے ذریعے اس شعبے میں نئے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ پاکستان کو ڈیجیٹل معیشت اور تجارت میں اپنی شمولیت بڑھانے کے لیے موثر حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ توانائی، لاجسٹکس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بہتری کے ساتھ ڈیجیٹل رابطوں کو فروغ دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا پیسیفک ممالک کے درمیان مختلف علاقائی اور دوطرفہ تجارتی معاہدے ڈیجیٹل تجارت کے قواعد کو بہتر بنا رہے ہیں۔ ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن ڈیجیٹل رابطوں جبکہ ڈیجیٹل اکانومی پارٹنرشپ ایگریمنٹ اعلی معیار کے ڈیجیٹل تجارتی اصولوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے کے ممالک ڈیجیٹل تجارت کی رکاوٹیں کم کرکے ایک کھلے، جامع، متوازن اور باہمی مفاد پر مبنی ڈیجیٹل تجارتی نظام کے قیام کے لیےمزید تعاون بڑھائیں۔

مزید خبریں