پنجاب کے بیشتر دریائوں میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے،ترجمان پی ڈی ایم اے

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

لاہور۔6ستمبر (اے پی پی):پنجاب کے بیشتر دریائوں میں پانی کا بہائو معمول کے مطابق ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کی صورتحال نارمل جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہائو معمول کے مطابق ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔

ترجمان کے مطابق دریائے سندھ میں کالاباغ اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، کالا باغ 2 لاکھ 72 ہزار اور تونسہ میں پانی کا بہائو 3 لاکھ 6 ہزار کیوسک ہے، نالہ ڈیک کنگرا میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، تربیلا ڈیم 100 فیصد اور منگلا ڈیم 79 فیصد بھر چکا ہے۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور، سرگودھا، شیخو پورہ، فیصل آباد، چکوال، راولپنڈی، حافظ آباد، جھنگ سیالکوٹ، ساہیوال، قصور، گوجرانولہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جوہرآباد، منڈی بہائوالدین، گجرات، مری،نورپور تھل اور اٹک میں مون سون بارشیں ریکارڈ کی گئی۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد سیف انور جپہ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں، جہاں متاثرین کو رہائش، خوراک، صاف پانی، طبی سہولیات اور دیگر بنیادی ضروریات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ موسم اور سیلاب کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں ،غیر ضروری طور پر دریائوں، نہروں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کے قریب جانے یا سیر و تفریح سے گریز کریں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کا خصوصی خیال رکھیں اور انہیں ہرگز دریائوں، نہروں، ندی نالوں یا سیلابی پانی میں نہانے یا داخل ہونے کی اجازت نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں اور بروقت احتیاطی اقدامات اختیار کرکے اپنی اور اپنے اہل خانہ کی حفاظت یقینی بنائیں۔

مزید خبریں