جرمنی میں یومِ دفاع و شہداء پاکستان کے موقع پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں افواجِ پاکستان کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
جرمنی میں یوم دفاع و شہداء پاکستان پر خصوصی تقریبات ، افواج پاکستان کے شہداء و غازیوں کو خراج عقیدت

مزید خبریں
اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):جرمنی میں پاکستان کے یوم دفاع و شہداء کے موقع پر برلن اور ہیمبرگ میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور افواج پاکستان کے شہداء اور غازیوں کی وطن کے دفاع کے لئے قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور 6 ستمبر 1965ء کی جنگ کے واقعات کواجاگر کیا۔
شرکاء نے پاکستان سے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے ملک ک سلامتی ،استحکام، خودمختاری اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔برلن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) جرمنی کے جنرل سیکرٹری اور پی او ای ایف یورپ کے چیف آرگنائزرمحمد انصر بٹ کی جانب سے منعقد کی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے 6 ستمبر 1965ء کی تاریخی اہمیت اجاگر کی اور جنگ کے دوران پاک افواج کی جانب سے دکھائی گئی بہادری، عزم اور استقامت کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ماضی میں بھی وطن کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور آج بھی پاکستان اور اس کے اداروں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ہیمبرگ میں ایک الگ تقریب پاکستان جرمن سوسائٹی کے نائب صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی جرمنی کے سیکرٹری اطلاعات فرید شاہ کی جانب سے منعقد کی گئی۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے 1965ء کی جنگ کو پاکستان کی تاریخ کا اہم باب قرار دیا اور کہا کہ اس جنگ نے قومی اتحاد، بہادری اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے پاک افواج کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سیاسی و عسکری قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔دریں اثناء سینٹرل ملٹی کلچرل مسجد کے بانی صدر غضنفرالدین احمد نے بھی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جس میں وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعائیں کی گئیں۔غضنفرالدین احمد نے 1965ء کی جنگ کے دوران صدر ایوب خان کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس خطاب نے مشکل وقت میں پاکستانی قوم میں اتحاد اور قومی عزم کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔تقریب میں لاہور سے تعلق رکھنے والے مضمون نگار اور وی لاگر شاہ رخ محمود بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے 1965ء کی جنگ کے دوران اہل لاہور کے جذبے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ عام شہریوں نے غیر معمولی عزم کا مظاہرہ کیا اور مشکل وقت میں پاک افواج کا بھرپور ساتھ دیا۔جرمنی میں منعقدہ ان تقریبات میں اس مشترکہ عزم کا اظہار کیا گیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنے وطن سے دور رہنے کے باوجود پاکستان سے جذباتی طور پر جڑے ہوئے ہیں اور ملکی دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں۔شرکاء نے شہداء کے لیے خصوصی دعائیں کیں اور پاکستان کی سلامتی ، استحکام، خودمختاری اور امن و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔








