قائداعظم یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی اور ایس آئی ایل انٹرنیشنل کے درمیان یونیورسٹی میں جدید زبان لیبارٹری کے قیام کے حوالے سے اہم پیش رفت
قائداعظم یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی اور ایس آئی ایل انٹرنیشنل کے درمیان یونیورسٹی میں جدید زبان لیبارٹری کے قیام کے حوالے سے اہم پیش رفت
اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):قائداعظم یونیورسٹی کے شعبہ انگریزی اور ایس آئی ایل انٹرنیشنل کے درمیان یونیورسٹی میں جدید زبان لیبارٹری کے قیام کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں شعبہ انگریزی میں ایس آئی ایل انٹرنیشنل کے علاقائی ڈائریکٹر وین لونسفورڈ، پاکستان کی کنٹری ڈائریکٹر ایمی سنیل اور قائداعظم یونیورسٹی میں ایس آئی ایل کے نمائندے نکولس ہائڈاک کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈاکٹر عمیما کامران اور ڈاکٹر یاسر حسین نے بھی شرکت کی۔ شعبہ انگریزی کی چیئرپرسن پروفیسر عروسہ کنول نے کہا کہ ایس آئی ایل انٹرنیشنل کے تعاون سے قائم کی جانے والی زبان لیبارٹری شعبے کے تعلیمی و تحقیقی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی جبکہ ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے زبان کی تدریس اور سیکھنے کے عمل کو بھی بہتر بنایا جا سکے گا۔اجلاس کے دوران مجوزہ زبان لیبارٹری کے ڈیزائن، جدید ٹیکنالوجی، آلات اور تعلیمی و تحقیقی استعمال سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے اس امر پر توجہ مرکوز کی کہ لیبارٹری سے انگریزی، لسانیات، معدومیت کے خطرے سے دوچار زبانوں، ترجمہ نگاری اور متعلقہ شعبوں میں طلبہ، اساتذہ اور محققین کو سہولت فراہم کی جا سکے۔شعبہ انگریزی نے ایس آئی ایل انٹرنیشنل کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اشتراک قائداعظم یونیورسٹی میں زبانوں کی تعلیم اور تحقیق کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔









