بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (BEEF) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد ماندائی نے کہا ہے کہ خواندگی اور معیاری تعلیم کسی بھی معاشرے کی پائیدار ترقی، معاشی خوشحالی اور سماجی استحکام کی بنیاد ہیں۔
معیاری تعلیم کسی بھی معاشرے کی پائیدار ترقی، معاشی خوشحالی اور سماجی استحکام کی بنیاد ہے، سی ای او بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 08 ستمبر (اے پی پی):بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (BEEF) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد ماندائی نے کہا ہے کہ خواندگی اور معیاری تعلیم کسی بھی معاشرے کی پائیدار ترقی، معاشی خوشحالی اور سماجی استحکام کی بنیاد ہیں۔
عالمی یومِ خواندگی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ BEEF کا بنیادی مقصد بلوچستان کے باصلاحیت اور مستحق طلبہ و طالبات کو مالی مشکلات سے بالاتر ہو کر تعلیم کے حصول اور اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ BEEF حکومتِ بلوچستان کے تعلیمی وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اسکالرشپ پروگرامز کے ذریعے طلبہ و طالبات کی تعلیمی معاونت کا ایک مؤثر اور جامع نظام فراہم کر رہا ہے۔ میرٹ، شفافیت کی بنیاد پرمواقع کے اصولوں کے تحت مختلف تعلیمی سطحوں پر فراہم کی جانے والی اسکالرشپس کا مقصد نوجوان نسل کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں مستقبل کے لیے باصلاحیت، خودمختار اور ذمہ دار شہری بنانا ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کےتعلیم دوست وژن کے تحت صوبے میں تعلیم کو ترقی کے بنیادی محرک کے طور پر خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔
حکومتِ بلوچستان کی ترجیحات میں یہ امر نمایاں ہے کہ صوبے کا کوئی بھی باصلاحیت بچہ محض مالی وسائل کی کمی کے باعث تعلیم کے حق سے محروم نہ رہے۔BEEF اسی وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے بلوچستان کے طلبہ و طالبات کے لیے مختلف اسکالرشپ اسکیمز کے ذریعے اسکول سے اعلیٰ تعلیم تک تعلیمی مواقع کو وسعت دے رہا ہے۔ ادارے کے تحت مختلف پروگرامز میں میٹرک، انٹرمیڈیٹ، ADP/ADE ، DAE ، BS ، کیڈٹ ایکسیلنس ، بیرونِ صوبہ تعلیم، اعلیٰ تعلیم، خصوصی طبقات اور دیگر شعبہ جات کے طلبہ و طالبات کو مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔دستیاب اعداد و شمار کے مطابق، BEEF کے مختلف اسکالرشپ پروگرامز کے تحت اب تک 23,520 اسکالرشپس طلبہ کو فراہم کی جا چکی ہیں۔
ان میں BS اور یونیورسٹی و کالج کی جزوی اسکالرشپس، ADP/ADE ، انٹرمیڈیٹ، DAE، میٹرک ڈسٹرکٹ ٹاپرز، کیڈٹ ایکسیلنس سکالرشپ پروگرام، خصوصی اسکالرشپ پروگرامز، بیرونِ صوبہ تعلیم، آکسفرڈ پاکستان پروگرام، فارن پی ایچ ڈی پروگرام اور دیگر تعلیمی منصوبے شامل ہیں۔خالد ماندائی نے کہا کہ BEEF کے لیے سکالرشپ محض مالی معاونت نہیں بلکہ بلوچستان کے انسانی سرمائے میں ایک طویل المدتی سرمایہ کاری ہے۔ ایک طالب علم کو تعلیم مکمل کرنے کا موقع فراہم کرنا دراصل ایک خاندان کو مضبوط بنانے، ایک معاشرے کو بااختیار بنانے اور صوبے کے مستقبل کو بہتر بنانے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی یومِ خواندگی ہمیں اس اجتماعی ذمہ داری کی یاد دہانی کراتا ہے کہ تعلیم اور خواندگی کے ثمرات معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچائے جائیں۔
بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور مناسب تعلیمی مواقع، رہنمائی اور معاونت کے ذریعے یہی نوجوان صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ BEEF مستقبل میں بھی میرٹ، شفافیت، مساوات اور تعلیمی مواقع کی توسیع کے اصولوں کے تحت اپنی خدمات کا دائرہ مزید وسیع کرے گا تاکہ بلوچستان کے طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیم کے حصول میں مؤثر معاونت فراہم کی جا سکے۔انہوں نے عالمی یومِ خواندگی کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ’’کوئی باصلاحیت طالب علم مالی مشکلات کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے؛ تعلیم یافتہ نوجوان ہی ایک مضبوط، بااختیار اور خوشحال بلوچستان کی بنیاد ہیں‘‘۔بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (BEEF) اس عزم کے ساتھ اپنی تعلیمی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے کہ تعلیم میں سرمایہ کاری کو بلوچستان کے روشن اور پائیدار مستقبل کی بنیاد بنایا جائے۔








